1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

ايرانی افراد و کمپنيوں پر امريکی پابندياں

30 اکتوبر 2021

امريکی محکمہ خزانہ نے ايران کی دو کمپنيوں اور چار شہریوں پر پابندياں عائد کر دی ہيں۔ ان پر شبہ ہے کہ وہ ايران کے ڈرون پروگرام کا حصہ ہيں۔

https://p.dw.com/p/42NeH
تصویر: Sepahnews/ZUMA Wire/picture alliance

واشنگٹن کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پاسداران انقلاب کی معاونت کی ہے۔ ایرانی ایلیٹ فورس کو امريکا نے دو سال قبل دہشتگرد تنظیم قرار دا تھا۔ 

واشنٹگن حکومت کا الزام ہے کہ مذکورہ افراد و کمپنيوں نے لبنانی شيعہ عسکری و سیاسی تنظيم حزب اللہ اور يمن ميں حوثی باغيوں کو ڈرون فراہم کيے۔ متاثرہ افراد اور کمپنياں امريکا کے ساتھ کوئی کاروبار نہيں کر پائيں گے اور امريکا ميں ان کے تمام اثاثے بھی منجمد کر ديے گئے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے،'' پاسدارن انقلاب کی جانب سے ایرانی کی حمایت رکھنے والے گروہوں کو ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد فراہم کی گئی ہے، ان گروہوں کی جانب سے کچھ حملے امریکی فوجیوں پر بھی کیے گئے۔''

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے،'' ہم ایران کی دھمکی آمیز سرگرمیوں اور اس کے حامیوں کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔''

ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی ان پابندیوں کی مذمت کی ہے جب کہ اگلے ماہ ویانا میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے،'' یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بائیڈن ٹرمپ کی ہی پالیسیاں اپنا رہے ہیں۔''

واشنگٹن کی جانب سے  يہ قدم ايک ايسے موقع پر اٹھايا گیا ہے جب روم ميں جی ٹوئنٹی  کے سربراہ اجلاس میں ايرانی جوہری ڈيل پر بھی شریک لیڈروں نے بات چيت بھی کی ہے۔ امريکی صدر جو بائيڈن  فرانسیسی صدر سے ملاقات کر چکے ہیں اور وہ جرمن اور برطانوی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں ميں بھی ايرانی جوہری مذاکرات کو بات چیت کے ایجنڈے پر ہے۔ فريقين اس مسئلے کا سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں ميں ہيں۔ ايران کی جانب سے جوہری مذاکرات کے اگلے دور میں شریک ہونے کا اعلان سامنے آ چکا ہے۔ مذاکرات کا نیا دور نومبر میں شروع ہو گا۔

ب ج، ع ح (ڈی پی اے)