2014ء: مغربی دنیا میں ثقافتی سرگرمیاں
31 دسمبر 2013جنوری
جہاں 2013ء میں یورپی ثقافتی دارالخلافے ہونے کا اعزاز جنوبی فرانس کے شہر مارسے اور سلوواکیا کے شہر کوشِٹسے کے پاس تھا، وہاں نئے سال میں یکم جنوری سے اس اعزاز کے حقدار رِیگا اور اُومیو ہوں گے۔ آسکر ایوارڈ کس کس کے حصے میں آئیں گے، اس کا اندازہ گولڈن گلوب ایوارڈ سے ہو جایا کرتا ہے، جن کی تقریب تقسیم بارہ جنوری کو منعقد ہو گی۔ فلمی آپ بیتی ’منڈیلا:لانگ واک ٹُو فریڈم‘ کے ساتھ ساتھ اسٹیو میک کوئین کی ’بارہ سالہ غلامی‘ بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فروری
چھ سے لے کر سولہ فروری تک جرمن دارالحکومت برلن میں چونسٹھ واں بین الاقوامی فلمی میلہ برلینالے سجے گا، جہاں برطانوی فلمساز کَین لوچ کو اعزازی گولڈن بیئر سے نوازا جائے گا۔ اٹھارہ فروری کو مشہور اطالوی مصور اور مجسمہ ساز مائیکل اینجلو کی 450 ویں برسی منائی جائے گی۔ جرمن شہروں ہیمبرگ اور فرینکفرٹ کے ساتھ ساتھ سوئس شہر زیورخ میں مونڈریاں اور ماتیس جیسے مشہور مصوروں کے فن پاروں کی نمائشیں سجیں گی۔
مارچ
دو مارچ کو آسکر ایوارڈز کی تقریب تقسیم منعقد ہو گی، جس کی میزبانی کےفرائض اس بار امریکی اداکارہ ایلن ڈی جینرس انجام دیں گی۔ اُنہوں نے 2007ء میں بھی دنیا کے اس سب سے بڑے شو کی کمپیئرنگ کی تھی۔ تیرہ سے لے کر سولہ مارچ تک مشرقی جرمن شہر لائپسگ میں سالانہ کتاب میلہ سجے گا، جہاں اس بار مہمان ملک سوئٹزرلینڈ ہو گا۔
اپریل
یکم اپریل کو مایہ ناز انگریز ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی 450 ویں برسی منائی جائے گی۔ سولہ اپریل کو چارلی چپلن کا 125 واں یوم پیدائش ہو گا۔ چینی فنکار آئی وے وے کے فن پاروں کی ایک نمائش تین اپریل سے برلن میں شروع ہو گی۔ اپریل ہی میں سپائیڈر مین سیریز کی نئی فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
مئی
دنیا بھر سے چیدہ چیدہ فلمی شخصیات چَودہ سے لے کر پچیس مئی تک فرانس میں ہوں گی، جہاں سڑسٹھ واں کان فلمی میلہ منعقد ہو گا۔ جرمن فلمی صنعت کے انعامات کی سالانہ تقریب نو مئی کو برلن میں ہو گی۔ مئی میں ہی اداکار ہیو جیک مین کی ’ایکس مَین‘ سیریز کی نئی فلم ’فیوچر اِز پاسٹ‘ کے ساتھ ساتھ اداکارہ انجلینا جُولی کی نئی فلم "Maleficent" بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
جون
گیارہ جون کو جرمن موسیقار رچرڈ شٹراؤس کی 150 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ اسی مہینے یہ اعلان کیا جائے گا کہ 2014ء کا جرمن زبان و ادب کا سب سے بڑا اعزاز گیورگ بیوشنر پرائز کس کے حصے میں آئے گا۔ اس انعام کی تقریبِ تقسیم موسم خزاں میں ہوا کرتی ہے۔ شارلیمان اعظم کے انتقال کو 2014ء میں بارہ سو سال پورے ہو رہے ہیں۔ جرمن شہر آخن میں اس مناسبت سے متعدد تقریبات میں اس نامور حکمران کی یاد تازہ کی جائے گی۔
جولائی
2014ء میں اُس واقعے کو پورے پانچ سو سال ہو جائیں گے، جب ایک ساتھ تورات کی صورت میں عربی زبان کی پہلی کتاب کے ساتھ ساتھ پولستانی زبان کی بھی پہلی کتاب چھاپے خانے سے شائع ہوئی تھیں۔ ’چھاپے خانے کے پانچ سو برس‘ کے عنوان سے لیٹویا کا دارالحکومت ایک بڑی نمائش کا اہتمام کرے گا۔
اگست
ستائیس اگست سے وینس کا 71 واں بین الاقوامی فلمی میلہ شروع ہو گا، جو چھ ستمبر تک جاری رہے گا۔ چھ سے لے کر سولہ اگست تک سوئٹزرلینڈ کے شہر لوکارنو میں سڑسٹھ واں بین الاقوامی فلمی میلہ سجے گا۔
ستمبر
چار سے لے کر چَودہ ستمبر تک ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول منعقد ہو گا۔ ستمبر ہی کے مہینے میں اسپین کا شہر سان سیباستیان اپنے سالانہ فلمی میلے میں بین الاقوامی فلمی دنیا کی میزبانی کرے گا۔ جرمن شہر ایسن میں ستائیس ستمبر سے شروع ہونے والی نمائش میں ایسے فن پارے رکھے جائیں گے، جن سے یہ اندازہ ہو سکے گا کہ مونے، گوگاں اور فان گوخ جیسے یورپی مصوروں نے کس طرح سے جاپان میں فن مصوری پر اپنے اثرات مرتب کیے۔
اکتوبر
اس مہینے پوری دنیا کی نظریں سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم پر لگی ہوں گی، یہ جاننے کے لیے کہ 2014ء میں ادب کا نوبل انعام کس ادیب کے حصے میں آتا ہے۔ دو ہزار تیرہ میں کینیڈا کی ایلس مُنرو اس انعام کی حقدار ٹھہری تھیں، دیکھنا یہ ہے کہ نئے سال میں یہ اعزاز کسی ایشیائی یا افریقی ادیب کے حصے میں آتا ہے یا کوئی یورپی اور امریکی مصنف اس اعزاز سے سرفراز ہوتا ہے۔ اکتوبر میں فرینکفرٹ کے عالمی کتاب میلے میں اس بار فن لینڈ مہمان ملک ہو گا۔
نومبر
امریکی مصنفہ سُوزن کولِنز کے تین حصوں پر مشتمل ناول ’دی ہنگر گیمز‘ پر مبنی فلم ’دی ہنگر گیمز، کیچنگ فائر‘ 2013ء میں سینماؤں کی زینت بنی جبکہ نومبر 2014ء میں اس کا اگلا حصہ ’دی ہنگر گیمز، موکنگ جے‘ ریلیز ہو گا۔ اس دوسرے حصے میں بھی ہیروئن کا کردار جینیفر لارنس ہی نبھائیں گی۔
دسمبر
چَودہ دسمبر کو لیٹویا کے دارالحکومت رِیگا میں یورپی فلمی انعامات کی تقریب تقسیم منعقد ہو گی۔ انجیلنا جُولی کی بطور ہدایتکارہ دوسری فلم ’اَن بروکن‘ کرسمس کے موقع پر امریکی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ 2015ء کے لیے یورپی ثقافتی دارالخلافوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دو ہزار پندرہ میں یہ اعزاز بیلجیم کے شہر Mons اور چَیک ری پبلک کے شہر Plzen کو دینا طے ہے۔