1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2013ء: کرکٹ لیجنڈز کی ریٹائرمنٹ، کرپشن کے انکشافات

عابد حسین27 دسمبر 2013

کرکٹ کے کھیل سے جہاں ٹنڈولکر اور ژاک کیلس جیسے لیجنڈری کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، وہیں اِس جینٹلمینز گیم میں کرپشن کے مزید دھبے بھی نمایاں طور پر ابھرے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہتر رہی۔

https://p.dw.com/p/1AhGB
تصویر: Indranil Mukherjee/AFP/Getty Images

بھارت سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے نامور بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے چوبیس برس تک میدانوں میں رنز کے انبار لگانے کے بعد اِسی سال کھیل سے پوری طرح ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنا الوداعی ٹیسٹ میچ اپنے ہوم گراؤنڈ ممبئی میں کھیلا اور یہ اُن کا 200 واں ٹیسٹ میچ تھا۔ کرکٹ ہی کے ایک اور لیجنڈری آل راؤنڈر ژاک کیلس نے اپنے ملک جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ وہ ایک روزہ میچوں میں اپنے ملک کی اگلے ورلڈ کپ تک نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Kricket Jacque Kallis
لیجنڈری آل راؤنڈر ژاک کیلستصویر: AP

رواں برس مجموعی طور پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے بھی بہتر رہا۔ پاکستانی ٹیم نے رواں برس کی آخری سہ ماہی میں پہلے جنوبی افریقہ اور پھر سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ خاص طور پر جنوبی افریقہ کو اُس کے ہوم گراؤنڈز پر شکست دینے کو ایک بڑے کارنامے سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اِسی سال کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین محمد حفیظ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اب تک ایک روزہ میچوں میں پانچ سینچریاں بنا چکے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف تین سینچریاں اسکور کر کے انہوں نے ظہیر عباس کے تیس سالہ پرانے ریکارڈ کو برابر کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر پاکستانی ٹیم نے سات مختلف سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

ختم ہونے والے موجودہ سال میں شورش زدہ ملک افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پرنئی کامیابیاں حاصل کر کے اپنے ملک کی ایک نئی تصویر کو پیش کیا ہے۔ افغان ٹیم نے کرکٹ کے اگلے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ ورلڈ کپ سن 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ افغان ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے یہ کھیل پاکستان کے اندر بنائے گئے مہاجر کیمپوں میں رہتے ہوئے پہلے دیکھا اور پھر کھیلنا شروع کیا تھا۔ ورلڈ کرکٹ لیگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے افغان ٹیم نے ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

Cricket Muhammad Hafeez
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظتصویر: AP

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان رواں برس دو ایشز سیریز شیڈیول کی گئی تھیں اور اِس کی وجہ کرکٹ کے عالمی کپ کا آسٹریلیا میں انعقاد ہے۔ ایشز کے انگلینڈ میں کھیلے جانے والے راؤنڈ میں مہمان آسٹریلوی ٹیم کو شکست کا سامنا رہا۔ اپنے جوابی دورے میں انگلش ٹیم کو آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈز میں واضح شکست دی۔ ابتدائی تین ٹیسٹ میچوں میں انگلش ٹیم کو ہرا کر آسٹریلوی ٹیم نے روایتی ایشز سیریز کو جیت لیا ہے۔ انگلش ٹیم کے تجربہ کھلاڑی آسٹریلوی تیز بالروں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔

کرکٹ کو مہذب انسانوں کا کھیل قرار دیا جاتا ہے لیکن حالیہ برسوں میں کرپشن نے اِس کھیل کے تشخص پر گہرے نشانات ثبت کیے ہیں۔ بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے شانتا کمارن سری سانت اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ میچ فکسنگ کے الزامات میں گرفتاری کے بعد اب عدالتی فیصلے کے منتظر ہیں۔ تینوں کرکٹرز کو نئی دہلی پولیس نے گرفتار کیا تھا اور وہ اب ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔ استغاثہ ان کے خلاف شہادتوں کو اکھٹا کرنے میں مصروف ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل نے بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ اُدھر نیوزی لینڈ میں بھی تین کرکٹرز میچ فکسنگ کے حوالے سے جاری تفتیش سے گزر رہے ہیں اور اِن میں ایک لُو وِنسنٹ ہیں جو اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کرکٹ کے مبصرین کے مطابق اِس وقت کرپشن اِس کھیل کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید