1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

12 لڑکوں اور ان کے فٹبال کوچ کو تلاش کر لیا گیا

2 جولائی 2018

تھائی لینڈ میں ایک غار میں پھنسے 12 نوجوان لڑکوں اور ان کے فٹبال کوچ کو معجزاتی طور پر نو دنوں بعد زندہ تلاش کر لیا گیا ہے۔ یہ غار سیلابی پانی سے بھر گیا تھا۔ غوطہ خور اور امدادی ادارے مسلسل ان کی تلاش میں مصروف تھے۔

https://p.dw.com/p/30hMG
Thailand Rettungsaktion in der Tham Luang Höhle
تصویر: picture-alliance/Xinhua

11 سے 16 برس کی عمر کے 12 لڑکے اور ان کا فٹبال کوچ ہفتہ 30 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ کوچ کی عمر 25 برس ہے۔ لاپتہ ہونے کے بعد سے ان تمام لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔

ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کی گئیں جبکہ شدید بارشوں اور سیلاب کے سبب امدادی کاموں کی راہ میں رکاوٹیں بھی پیدا ہوئیں۔ تھائی لینڈ کے شمالی حصے میں واقع لوانگ نامی غار کے ان حصوں تک پہنچنے والے راستے بھی بند ہو گئے تھے جن کے بارے میں خیال تھا کہ یہ لاپتہ افراد وہاں موجود ہو سکتے ہیں۔

Thailand Rettungsaktion in der Tham Luang Höhle
ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کی گئیں جبکہ شدید بارشوں اور سیلاب کے سبب امدادی کاموں کی راہ میں رکاوٹیں بھی پیدا ہوئیں۔ تصویر: picture-alliance/Xinhua

آج پیر دو جولائی کو دیر گئے صوبہ چیانگ رائے کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ ان 13 افراد کو تلاش کر لیا گیا ہے۔ نارونگ سک اوسٹاناکورن نے صحافیوں کے بتایا، ’’ہمیں تمام 13 افراد محفوظ مل گئے ہیں۔ ہم اُس وقت تک ان کا خیال رکھیں گے جب تک وہ نکلنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔‘‘ صوبائی گورنر نے مزید بتایا، ’’ہم ان تک خوراک پہنچائیں گے اور  ایک ڈاکٹر بھی جو غوطہ خور ہو ہو، میں یہ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ وہ کھا پی سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے کئی دنوں سے کچھ نہیں کھایا۔‘‘

امدادی ادارے  مسلسل اس غار سے پانی باہر پمپ کرنے میں لگے ہوئے تھے۔ غوطہ خور آج پیر کے روز اچھے موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غار کے اندر مزید آگے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انہیں امید تھی کہ وہ ’’وائلڈ بور‘‘ نامی اس ٹیم کو غار کے اندر ایک ابھرے ہوئے مقام پر تلاش کر لیں گے جسے ’’پتایا بیچ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

Thailand Rettungsaktion Höhle Jugendfußballmannschaft
غوطہ خور پیر کے روز اچھے موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غار کے اندر مزید آگے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/Tham Luang Rescue Operation Center

اوسٹاکورن کے مطابق یہ لڑکے اس مقام سے مزید 300 سے 400 میٹر آگے چلے گئے تھے کیونکہ مذکورہ حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔ ابھی تک ان تمام لوگوں کو غار سے باہر نہیں نکالا گیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کو نکالنے کا آپریشن کافی پیچیدہ ہو سکتا ہے کیونکہ نو دنوں سے مسلسل پھنسے ہونے کے سبب وہ کافی کمزور اور بیمار ہو چکے ہیں۔ جبکہ مذکورہ غار ابھی بھی جزوی طور پر پانی سے بھری ہوئی ہے۔

ا ب ا / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)