یہودیوں اور مسلمانوں کے درمیان پیرس میں مکالمت
4 ستمبر 2012یورپی یہودیوں کی کانگریس کے صدر موشے کنٹور یہودی اور مسلم رہنماؤں کی اس دوسری ملاقات میں شرکاء کو پیرس میں خوش آمدید کہیں گے۔ ان کا کہنا ہے: ’’اگر مسلمانوں کی مسجد یا یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملہ ہوتا ہے یا پھر کسی مسلمان اور یہودی پر حملہ ہوتا ہے تویہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔‘‘
آج منگل چار ستمبر سے شروع ہونے والی اس دو دورہ میٹنگ میں یورپ کے 18 ممالک سے 80 سے زائد مسلم اور یہودی رہنما باہمی مسائل اور تحفظات پر غور وخوض کریں گے۔ اس میٹنگ میں جرمنی میں بچوں کے ختنوں پر جاری بحث کے علاوہ بعض یورپی ممالک میں کوشر یا حلال گوشت کے حصول کے لیے ذبیحہ پر لگائی جانے والی پابندی پر بھی بات ہوگی۔
گزشتہ ہفتے جرمن دارالحکومت برلن میں ایک ربی پر ہونے والا حملہ بھی اس ملاقات میں ایک اہم موضوع ہوگا۔ اسی باعث مذہبی منافرت، یہودی مخالفت اور اسلاموفوبیا یعنی اسلام سے متعلق خوف اس میٹنگ کے ایجنڈے پر ہوں گے۔
موشے کنٹور نے مذہبی بنیادوں پر نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’کل یہ یہودیوں کے ساتھ ہوا، آج مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے اور آنے والے کل میں یہ مسیحیوں کے ساتھ ہو سکتا ہے۔‘‘
’’ہمیں سبق کی ضرورت نہیں ہے‘‘
برلن میں ربی پر حملے کے نتائج دونوں مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان خلیج کو وسیع کر سکتے ہیں۔ ابھی تک حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا تاہم پولیس کو جن لوگوں کی تلاش ہے وہ مبینہ طور پر عرب ہیں۔ اگر ان کا مسلمان یا عرب ہونا ثابت ہو جاتا ہے تو پیرس میں ان دونوں مذاہب کے رہنماؤں میں گرما گرم بحث ہو سکتی ہے۔
اس اندیشے کی ایک چھوٹی سی مثال جرمنی کے یہودیوں کی مرکزی کونسل کے چیئرمین ڈیٹر گراؤمان اور جرمنی میں مسلمانوں کی کوآرڈینیٹنگ کونسل کے سربراہ علی کِزلکایا کے درمیان ہونے والی بیان بازی ہے۔ حملے کے تناظر میں گراؤمان کی جانب سے ایک اخباری انٹرویو میں مسلمانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یہودی مخالف جذبات پر قابو پانے کے لیے مزید اقدامات کریں۔ اس کے جواب میں کِزلکایا کا کہنا تھا: ’’مسلمانوں کو اس حوالے سے سبق کی ضرورت نہیں ہے۔ سامی مخالفت اسلام کے مطابق نہیں ہے۔‘‘
کِزلکایا کا کہنا تھا کہ جب سامی مخالفت کی بات ہوتی ہے تو پھر اسلام مخالفت پر بھی بات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان اس حوالے سے یہودی کمیونٹی سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
جرمنی میں سامی مخالفت
جرمنی میں مسلمانوں کی طرف سے مذہبی بنیادوں پر یہودیوں پر پر تشدد حملے کی روایت نہیں رہی۔ تاہم برلن میں یہودی ربی پر ہونے والے حملے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ شاید یہ تھی کہ ربی نے یہودیوں کی مخصوص ٹوپی یارمکا یا کِپہ (Yarmulke / Kippah) پہن رکھی تھی۔
برلن کے میئر کلاز ووویرائٹ نے اس حملے کے بعد مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے بطور استعارہ یارمکا پہننا شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ووویرائٹ کا کہنا ہے: ’’ ہمیں یہ بات یقینی بنانا ہوگی کہ یہودی یارمکا پہن سکیں اور دوسرے اپنی پگڑی‘‘
اتوار دو ستمبر کو برلن میں قریب 1500 افراد نے یہودی ربی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی۔ اس ریلی میں مسلمان اور یہودی دونوں مذاہب کے پیروکار شریک ہوئے۔
Dirk Kaufmann/aba/ng