1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یکم ستمبر سن 1939ء : دوسری عالمی جنگ کا آغاز

1 ستمبر 2009

يکم ستمبر سن 1939 ء کو جرمنی نے پولينڈ پر حملہ کيا اور اس کے ساتھ ہی دوسری عالمی جنگ کا آغاز ہوگيا۔ آج سے ٹھیک ستر سال پہلے پندرہ لاکھ جرمن فوجيوں نے پولينڈ کی سرحد عبور کر کے بڑے حملے کی ابتدا کی تھی۔

https://p.dw.com/p/JNBL
سمتبر 1939ء ، جرمن بری افواج پولینڈ میں داخل ہو رہی ہیںتصویر: ullstein bild - SV-Bilderdienst

پولينڈ کے سابق وزير خارجہ کو بخوبی ياد ہے۔ جمعہ، يکم ستمبر سن 1939ءکو صبح سويرے جرمنی کے اسٹوکا ساخت کے طياروں نے پولينڈ کے ايک چھوٹے سے شہر ويلون پر حملہ کيا تھا جہاں کوئی فوج نہيں تھی اور جس کی کوئی فوجی يا جنگی اہميت نہيں تھی۔ جرمن حملہ، کسی اعلان جنگ کے بغير کيا گيا تھا۔

جرمن نازی آمر ہٹلر نے پولينڈ پر حملے کے جواز ميں اپنے جھوٹے پروپيگنڈے کا بھر پور استعمال کيا۔ بارتو چيوسکی کہتے ہيں کہ اُس وقت اچانک جرمن اسٹوکا طيارے نمودار ہوئے جن کی بمباری اور فائرنگ سے بہت سی جانيں ضائع ہوئيں۔

ہٹلر نے اپنے حملے کا جھوٹا جوازپیس کرتے ہوئے کہا: ’’پولينڈ نے آج رات ہمارے علاقے پر باقاعدہ فوج کی مدد سے حملہ کيا۔ پانچ بجکر پينتاليس منٹ کے بعد سے ہم اس کا جواب دے رہے ہيں۔ اب بم کے بدلے ميں بم پھينکے جائيں گے‘‘۔

Hitler Rede begründet in Rede 1.September in Berlin Zweiter Weltkrieg
ہٹلر پولینڈ پر فوج کشی کا اعلان کرتے ہوئے۔ یکم ستمبر سن 1939 ءتصویر: picture-alliance/dpa

ہٹلر نے اس جھوٹ کو جنگ کی بنياد بنايا تھا۔ درحقيقت يہ جرمن خصوصی فورس ايس۔ ايس کے اہلکار تھے جنہوں نے پولينڈ کی فوج کی وردياں پہن کر جرمن علاقے کے اندر ايک ريڈيو اسٹيشن پر حملہ کيا تھا۔ يہ ہٹلر ہی کا منصوبہ تھا تاکہ جنگ چھيڑنے کا بہانہ مل سکے۔ اس کے بعد پندرہ لاکھ جرمن فوجيوں نے پولينڈ پر حملہ کرديا۔

ہٹلر کا مقصد جرمنی کی حدود ميں اضافہ کرنا تھا۔ پولينڈ پر حملے سے ايک ہفتے قبل سابق سوويت یونین کے اس وقت کے آمر اسٹالن اور ہٹلر کے مابين ايک معاہدہ طے پايا تھا جس کے تحت پولينڈ پر قبضہ کرکے اسے جرمنی اور سوويت يونين کے درميان تقسيم کرنا تھا۔

جلد ہی يہ واضح ہوگيا کہ ہٹلر کا مقصد صرف علاقہ ہتھيانا ہی نہيں تھا بلکہ وہ پولستانی قوم کو تباہ بھی کرنا چاہتا تھا۔ نازيوں نے پولينڈ کے شاعروں، پروفيسروں، ڈاکٹروں ، قانون دانوں اوراساتذہ کو چن چن کر مار ڈالا اور يہوديوں کوبھی بڑے پيمانے پر ہلاک کيا۔

پولينڈ کی فوج تعداد اور سازوسامان کے لحاظ سے جرمن فوج سے بہت کم تر تھی۔ چھتيس دنوں کی لڑائی کے بعد پولينڈ پر قبضہ مکمل ہوگيا۔ مشرق کی جانب سے سوويت فوج نے پولينڈ ميں پيش قدمی کی تھی۔ سوويت يونين اور جرمنی نے مل کر پولينڈ پر فتح کا جشن منايا۔

پولينڈ پر ہٹلر کے حملے کے دو دن بعد، تين ستمبر سن 1939ء کو برطانيہ اور فرانس نے جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کيا۔ جرمن حملے کے ساتھ پولننڈ کے لئے ايک پانچ سالہ انتہائی خونيں دور شروع ہوا جس ميں پانچ ملين افراد ہلاک ہوگئے۔ ان ميں تين ملين پولستانی يہودی بھی تھے۔ ہٹلر کے لئے پولينڈ صرف ايک ميدان جنگ تھا۔ جھوٹے پروپيگنڈے کی مدد سے نازی جرمنی کی بڑی جنگ کا ابھی آغاز ہی ہوا تھا۔

تبصرہ : بن يامين ويوسٹ / شہاب احمد صديقی

ادارت: عاطف بلوچ