یو این آر ڈبلیو اے: فنڈنگ کی معطلی خطرناک ہو سکتی ہے، بوریل
5 فروری 2024اسرائیل پر حماس کی جانب سے سات اکتوبر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں اسرائیلی رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے بعض ملازمین بھی ملوث تھے، اسی سبب اقوام متحدہ کی یہ ایجنسی ان دنوں تنازعات میں گھری ہوئی ہے اور کچھ اہم ممالک نے اس ایجنسی کے لیے فنڈنگ کا سلسلہ روک دیا ہے۔ اس حوالے سے جوزیپ بوریل کا کہنا تھا، ''یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ کو ختم کرنا غیر متناسب بھی ہو گا اور خطرناک بھی۔‘‘
غزہ پٹی کا تیس فیصد حصہ تباہ ہو چکا، یو این سیٹلائٹ سینٹر
غزہ میں یو این ایجنسی کی مدد معطل، امدادی تنظیموں کی طرف سے مذمت
اگرچہ کچھ اہم عطیہ دہندگان نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے قائم اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے لیے فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ روک دیا ہے، لیکن اس بات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا ہے کہ یو این آر ڈبلیو اے غزہ میں خوفناک بھوک اور بیماریوں کے پھیلاؤ میں مبتلا 1.1 ملین سے زیادہ لوگوں کو اہم امداد فراہم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
جوزیپ بوریل کے مطابق، ''اس ایجنسی کی فنڈنگ ختم کرنے سے لاکھوں زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔‘‘
اپنے ایک بلاگ آرٹیکل میں انہوں نے ان الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے مزید لکھا، ''ایجنسی نے فوری اقدامات اٹھائے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔‘‘ بوریل کے مطابق اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو ذمہ داران کو لازمی سزا ملنی چاہیے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ، جرمنی، برطانیہ اور سویڈن سمیت ایک درجن سے زائد ممالک نے سات اکتوبر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں عملے کے 12 ارکان کے ملوث ہونے کے الزامات پر یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ روک دی ہے۔
نوبل امن انعام کے لیے ناروے کی نامزدگی حاصل کرنے والی اقوام متحدہ کی اس ایجنسی نے متنبہ کیا ہے کہ اگر فنڈنگ میں بہت زیادہ کمی ہوئی تو اسے اس ماہ کے آخر تک اپنا کام بند کرنا پڑے گا۔
یورپی یونین نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں یو این آر ڈبلیو اے کے آڈٹ کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری تحقیقات کی روشنی میں مستقبل میں اس ایجنسی کے لیے فنڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔
بوریل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یورپی کمیشن کی جانب سے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی آئندہ ادائیگی سے قبل آزادانہ بیرونی تحقیقات شروع کے آغاز سے قبل اقوام متحدہ کی طرف سے تحقیقات مکمل کر لی جائیں گی۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزیپ بوریل نے مزید لکھا کہ اس وقت معطل شدہ مجموعی فنڈز کی مالیت ''440 ملین ڈالر سے زیادہ ہے، یعنی 2024 کے لیے ایجنسی کے متوقع فنڈز کا تقریباﹰ نصف۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اس طرح کی کمی ایجنسی کے وجود کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
جنگ بندی کی کوششوں کے لیے امریکی وزیر خارجہ کا ایک اور دورہ
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں نئی جنگ بندی کی کوششوں کے سلسلے میں آج پیر پانچ فروری کو مشرق وسطیٰ کے ایک اور دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ حماس کی جانب سے سات اکتوبر کو اسرائیل کے اندر کیے جانے والے حملے کے بعد بلنکن کا تناؤ کے شکار اس خطے کا پانچواں دورہ ہے۔ توقع ہے کہ وہ سعودی عرب، اسرائیل، مصر اور قطر جائیں گے۔
اپنے دورے سے قبل انہوں نے غزہ میں انسانی ضروریات کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ امدادی گروپوں نے تقریبا چار ماہ سے جاری جنگ کے سبب اس محصور علاقے پر تباہ کن اثرات کے بارے میں بار بار خطرات سے آگاہ کیا ہے۔
غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھتی ہوئی
حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی کی وزارت صحت کے مطابق اس محصور علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیلی حملوں میں کم از کم 128 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
حماس کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری غزہ کی ساحلی پٹی کے وسط اور جنوبی علاقوں میں جاری ہے جس کا نشانہ ہسپتال بھی بنے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے وسطی اور شمالی غزہ میں 'ٹارگٹڈ کارروائیاں' جاری رکھی ہوئی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی فورسز نے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا جنہوں نے شہر بھر میں فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں غزہ پٹی کے علاقے میں کم از کم 27,365 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
ا ب ا/ع ت - ک م (اے ایف پی، اے پی)