1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں ہم جنس پسند جوڑوں کو شادی کی اجازت

16 فروری 2024

ہم جنس گروپوں نے یونانی پارلیمان کی طرف سے منظور کے گئے قانون کو ایک تاریخی لمحہ اور خوشی کا دن قرار دیا۔ یونان شادی کی مساوات کے لیے قانون سازی کرنے والا یورپی یونین کا 16 واں ملک بن گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4cT45
Griechenland |Gleichgeschlechtliche Ehe wird legalisiert
تصویر: Aris Messinis/AFP/Getty Images

یونانی پارلیمنٹ نے  ہم جنسوں کو شادی کی اجازت دینے سے متعلق بل کی منطوری دے دی۔ اس اقدام  نے یونان کو ہم جنس پسند کی شادی کو قانونی حیثیت دینے والا پہلا آرتھوڈوکس مسیحی ملک بنا دیا ہے۔

اس بل کو جمعرات کے روز تین سو نشستوں والی پارلیمنٹ میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 176 قانون سازوں کے ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا۔ ہم جنس پسند والدین کے گروپ رینبو فیملیز کی سربراہ سٹیلا بیلیا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ''یہ خوشی کا دن ہے۔‘‘

یونانی وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکس نے اس نتیجے کو ملکی 'انسانی حقوق کے لیے ایک سنگ میل‘ قرار دیا اور کہا کہ یونان شادی کی مساوات کے لیے قانون سازی کرنے والا  یورپی یونین کا 16 واں ملک بن گیا ہے۔

Griechenland |Gleichgeschlechtliche Ehe wird legalisiert
یونانی پارلیمانتصویر: Michael Varaklas/AP/picture alliance

ہم جنس جوڑوں کے لیے ولدیت کے حقوق

یہ بل ہم جنس جوڑوں کو بچے گود لینے کے حقوق بھی دیتا ہے۔ اس بل پر ووٹنگ سے قبل وزیر اعظم میتسوتاکس نے کہا، ''ہم جنس پسند جوڑوں کے دونوں والدین کے پاس ابھی تک اپنے بچوں کو وہ چیزیں فراہم کرنے کے لیے یکساں قانونی مواقع نہیں ہیں، جن کی انہیں ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''انہیں (بچوں کو) اسکول سے اٹھانے کے قابل ہونا، سفر کرنے کے قابل ہونا، ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے، یا انہیں ہسپتال لے جانے کے قابل ہونا۔ یہ وہ معاملات ہیں، جو ہم ٹھیک کر رہے ہیں۔‘‘

تاہم یہ قانون مرد جوڑوں کے لیے سروگیسی کے ذریعے ولدیت کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ ایک ایسا آپشن ہے،جو ان خواتین کے لیے دستیاب ہے جو صحت کی وجوہات کی بنا پر بچے پیدا نہیں کر سکتیں۔

کثیرالجماعتی حمایت

رائے عامہ کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر یونانی محدود فرق سے ان اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں۔ اس بل کی حمایت میتسوتاکس کی سینٹرل رائٹ نیو ڈیموکریسی پارٹی کے بہت سے قانون سازوں کے ساتھ ساتھ بائیں بازو کی چار جماعتوں نے بھی کی، جن میں مرکزی اپوزیشن پارٹی سریزا بھی شامل ہے۔

Griechenland Athen | Demonstration gegen Reform für gleichgeschlechtliche Ehe
ہم جنس پسند شادیوں کے مخالفین کی طرف سے پارلیمان کے باہر اجتجاج کیا گیا تصویر: Louisa Gouliamaki/REUTERS

بائیں بازو کی ایک  اور چھوٹی جماعت پیسج ٹو فریڈم  پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک  ہم جنس پسند قانون ساز سپیروس بیبلاس نے کہا، ''یہ قانون ہر مسئلے کو حل نہیں کرتا ہے لیکن یہ ایک شروعات ہے۔‘‘

تاہم، تین چھوٹی انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اسٹالنسٹ جڑوں والی کمیونسٹ پارٹی آف یونان  نے اس بل کو مسترد کر دیا۔

یونان کے آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ آرچ بشپ ایرونیموس نے بھی اس قانون کی مذمت کرتے ہوئے کہا ، ''ایک نئی حقیقت جو صرف ملک کی سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرتی ہے۔‘‘

اس بل  کی منظوری کے موقع پر پارلیمنٹ کے باہر شادی کی مساوات کے مخالفین نے مذہبی شبیہیں اٹھا رکھی تھیں  جبکہ اس بل کے حامیوں نے ہم جنس پسندی کی علامت والے قوس قزح کے جھنڈے لہرائے۔

ش ر⁄ ع ب  (روئٹرز، اے پی، اے ایف)

مختلف جنسی میلانات و رجحانات کے حامل افراد سے نفرت کیوں؟