1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی فیکٹری میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے پاکستانی شہری ہلاک

21 دسمبر 2019

یونان کی ایک فیکٹری میں گیس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث کم از کم ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ قبل ازیں یونانی میڈیا نے متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔

https://p.dw.com/p/3VBYJ
یونان میں ہزارہا پاکستانی یا پاکستانی نژاد باشندے آباد ہیں جبکہ گزشتہ چند برسوں کے دوران وہاں پہنچ کر مزید کئی ہزار پاکستانی شہری پناہ کی درخواستیں دے چکے ہیںتصویر: DW/R. Shirmohammadi

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ اکیس دسمبر کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ یونانی دارالحکومت ایتھنز سے تقریباﹰ پچاس کلومیٹر دور واقع ایک چھوٹے سے شہر میں قائم ایک فیکٹری میں جمعرات 19 دسمبر کو پیش آیا۔

اس واقعے کے بعد یونانی ذرائع ابلاغ نے متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ لیکن اسلام آباد میں ملکی دفتر خارجہ کے مطابق دستیاب معلومات سے اب تک یہ تصدیق ہوئی ہے کہ اس فیکٹری میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد کی موت واقع ہو گئی۔

اس واقعے کے بعد ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانہ کالیویا (Kalivia) نامی شہر میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ آخری خبریں آنے تک یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ مرنے والوں میں سے کم از کم ایک پاکستانی شہری تھا جبکہ باقی تین ہلاک شدگان کی شناخت کا تعین ابھی کیا جا رہا ہے۔

یونانی میڈیا کی رپورٹوں کے تناظر میں یہ امکان ابھی اپنی جگہ ہے کہ باقی تین ہلاک شدگان بھی شاید پاکستانی شہری ہی تھے یا پھر وہ ممکنہ طور پر پاکستانی نژاد یونانی شہری بھی ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کالیویا کی اس فیکٹری میں ہلاک ہو جانے والے پاکستانی شہری یا شہریوں کے اہل خانہ کے لیے اپنے عملے کے اس رکن کا نام بھی جاری کر دیا ہے، جس سے متاثرہ خاندان رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ معلومات ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار عبدالوحید سے ٹیلی فون نمبر 00306940070793 پر رابطہ کر سکے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

م م /  ع ح

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں