1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی جزیروں سے تارکین وطن کی منتقلی کا حکومتی فیصلہ

5 مئی 2018

یونانی حکومت نے لیسبوس اور دیگر جزائر کے حراستی مراکز میں موجود تارکین وطن کو ملک کے دیگر حصوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2xEKu
Griechenland Hotspot Flüchtlingscamp Internierung
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Panagiotou

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق مہاجرین اور تارکین وطن کو یونانی جزائر سے ملک کے دیگر حصوں میں منتقلی کا اعلان مہاجرت سے متعلق ملکی وزیر دیمیتریس ویتساس نے لیسبوس جزیرے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

مہاجرین مخالف ہنگری کو ہنرمند تارکین وطن کی اشد ضرورت

تارکین وطن کی جزائر سے منتقلی کے فیصلے کا مقصد لیسبوس سمیت دیگر یونانی جزیروں کے حراستی مراکز میں گنجائش سے زیادہ مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد کے باعث کیا گیا ہے۔

ایتھنز حکومت کے مطابق ان جزائر پر قائم ابتدائی رجسٹریشن کے مراکز میں مقیم تارکین وطن اور مہاجرین کی بڑی تعداد کو رواں برس ستمبر کے مہینے تک ایتھنز اور دیگر یونانی شہروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ آئندہ ان جزیروں پر قائم مراکز میں گنجائش کے مطابق ہی تارکین وطن کو رکھا جائے گا۔

موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی یونانی جزیروں کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث لیسبوس، شیوس اور ساموس جیسے یونانی جزائر پر مہاجرین کی تعداد گنجائش سے کہیں زیادہ ہو گئی تھی۔

لیسبوس جزیرے پر اس وقت نو ہزار کے قریب تارکین وطن موجود ہیں جب کہ وہاں قائم موریا کیمپ میں زیادہ سے زیادہ تین ہزار افراد کو رہائش فراہم کرنے کی گنجائش ہے۔

اس بحرانی صورت حال کے سبب جزائر کے مکینوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا تھا۔

مارچ سن 2016 میں ترکی اور یورپی یونین کے مابین مہاجرین سے متعلق ایک معاہدے پر عمل درآمد کے بعد سے ترک ساحلوں سے یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔ اس معاہدے کے تحت ترک ساحلوں سے غیر قانونی طور پر یونان پہنچنے والے افراد کو واپس ترکی بھیج دیا جانا ہوتا ہے۔ تاہم عملے کی کم تعداد سمیت دیگر کئی انتظامی مسائل کے باعث تارکین وطن کو واپس ترکی بھیجے جانے کا عمل اب تک سست روی کا شکار رہا ہے۔

ش ح/ ع ب (اے پی)

یونان سے ہزاروں مہاجرین کی وطن واپسی، سب سے زیادہ پاکستانی