1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’یورپ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘

29 ستمبر 2010

برطانیہ کے ایک نشریاتی ادارے نے انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں ممکنہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ پاکستانی شدت پسندوں نے بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/PPJI
تصویر: AP

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی ٹیلی ویژن سکائی نیوز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی شدت پسندوں نے لندن کے ساتھ ساتھ فرانس اور جرمنی کے بڑے شہروں میں بیک وقت حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود شدت پسند گزشتہ کچھ عرصے سے ان حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، لیکن خفیہ ایجنسیاں بھی ان پر نظر رکھے ہوئے تھیں۔

Symbolbild Pakistan Taliban Atomwaffen
دہشت گردی کا یہ منصوبہ پاکستانی شدت پسندوں نے بنایا، رپورٹتصویر: AP/Montage DW

انٹیلی جنس ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ حملے ممبئی حملوں کی طرز پر کئے جانے والے تھے۔ نومبر 2008ء میں دہشت گردوں نے ممبئی میں مختلف مقامات پر حملے کئے تھے۔ وہاں انہوں نے دو فائیو سٹار ہوٹلوں پر بھی حملہ کیا، جہاں سکیورٹی اہلکار گھنٹوں ان کا مقابلہ کرتے رہے۔ ان حملوں میں کم از کم 165 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ان کے باعث پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ یورپ کے لئے تیار کئے گئے دہشت گردانہ کارروائیوں کے منصوبے کا سراغ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور امریکہ کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کی بدولت ممکن ہوا۔

سکائی نیوز کے مطابق جب تفتیش کاروں نے اس منصوبے کا پتا چلایا، تو امریکی فوج نے اپنے یورپی اتحادیوں کو منصوبہ سازوں کا پتا چلانے کے لئے مدد فراہم کرنا شروع کردی۔

اس منصوبے کو ناکام بنائے جانے کی رپورٹ ایسے وقت منظر عام پر آئی ہے جب فرانسیسی حکام ملک میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب منگل کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور پر بم الرٹ کے بعد اسے سیاحوں سے خالی کرا لیا گیا۔ شہر میں رواں ماہ کے دوران یہ دوسرا بم الرٹ تھا تاہم منگل کی شام ہی ایفل ٹاور کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔ اس کے منتظمین کو بم کے خطرے سے فون کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔

پیر کو ایسے ہی ایک خدشے کے پیش نظر پیرس کا ایک ریلوے سٹیشن بھی خالی کرا لیا گیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں