1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتجرمنی

ای یو کووڈ پاس: بوسٹر کے بغیر صرف نو ماہ قابلِ استعمال

21 دسمبر 2021

کووڈ پاس کے متعلق یورپی یونین کا نیا قانون اگلے سال پہلی فروری کو نافذ ہو جائے گا۔ اس قانون کے تحت کووڈ پاس بوسٹر کے بغیر صرف نو ماہ کے لیے قابلِ استعمال ہو گا۔

https://p.dw.com/p/44eNb
Frankreich Paris | Pass Sanitaire auf Smartphone
تصویر: Lafargue Raphael/ABACA/picture alliance

یورپی کمیشن نے منگل اکیس دسمبر کو اعلان کیا کہ کووڈ ویکسین لگوانے کے ثبوت کے طور پر دکھایا جانے والے سرٹیفیکیٹ کی مدت بوسٹر کے بغیر صرف نو ماہ کے لیے ہو گی۔ اس مدت میں اضافہ بوسٹر لگوانے سے ہی ہو گا۔

’غیر ویکسین شدہ افراد سے کرسمس پر ملاقاتیں نہیں کریں گے‘

کمیشن نے ممبر ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ اس قانون کو اپنے اپنے ملک میں قومی سطح پر ناٰفذ کریں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کووڈ انیس متعدی بیماری کی تیزی سے منتقل ہونے والے ویریئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Neue Corona-Welle in Deutschland
جرمنی میں بوسٹر لگوانے کی مہم میں بتدریج تیزی پیدا ہونے لگی ہےتصویر: Martin Meissner/ASSOCIATED PRESS/picture alliance

یورپی یونین ویکسین سرٹیفیکیٹ کے ضوابط

نئے قانون کی منظوری کو یورپی یونین کے رکن ملکوں میں سفر اختیار کرنے کے ساتھ نتھی کیا گیا ہے۔ یورپی کمشین نے رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ اس قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے پر مثبت انداز میں عمل کریں۔

یورپی یونین میں رہائش رکھنے والوں کو چھ ماہ بعد بوسٹر لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ وہ ہمہ وقت پوری طرح ویکسین شدہ رہیں۔ کمیشن کے مطابق کووڈ پاس کی مدت بظاہر چھ ماہ ہے لیکن اضافی تین ماہ بوسٹر لگوانے کے لیے دیے گئے ہیں۔ بوسٹر لگوانے سے کووڈ پاس کی مدتِ استعمال میں خود بخود توسیع ہو جائے گی۔

جرمنی میں اگلے سال کے شروع میں کورونا ویکسین کی قلت کا امکان

یورپی کمیشن نے بوسٹر لگوانے کو ویکسین پاسپورٹ پر اندراج کا نیا ضابطہ بھی متعارف کرایا ہے۔ دو خوراکوں کے بعد بوسٹر کے اندارج کا طریقہ "3/3" ہو گا۔ ویکسین کی ایک خوراک لگی ہو گی تو بوسٹر لگوانے کے بعد پاسپورٹ پر اندراج "2/1" ہو گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یونین میں اب تک آٹھ سو سات ملین ویکسین سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

Deutschland | Querdenker Anti-Corona Demo in München
کئی جرمن شہروں میں نئی کورونا پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف مظاہرے دیکھے گئے ہیںتصویر: Sachelle Babbar/ZUMA Press/picture alliance

یورپ میں نئی کووڈ لہر اور پابندیوں کا امکان

یورپی یونین کے کئی رکن ممالک نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پھیلاؤ کے بعد حفاظتی اقدامات کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ ان میں خاص طور پر نیدرلینڈز اور آسٹریا نمایاں ہیں۔

یورپ میں کووڈ ویکسین کے خلاف مظاہروں کی حقیقت کیا ہے

فرانس میں بالغ افراد کا کووڈ پاس چھ ماہ بعد قابلِ استعمال نہیں رہے گا اور اس کو بحال کرنے کے لیے بوسٹر کا لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فرانس میں اس قانون کا اطلاق اگلے برس پندرہ جنوری سے ہو جائے گا۔ نیدرلینڈز نے بھی ایسے قانون کے نفاذ کا عندیہ دیا ہے۔ پرتگال، آئرلینڈ، قبرص، لٹویا، اٹلی، یونان اور آسٹریا نے بھی ہنگامی اقدامات اٹھا لیے ہیں اور ان ممالک میں بھی سفر اختیار کرنے والے افراد کا ویکسین شدہ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

ع ح/ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز)