1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین میں وقت کی تبدیلی کا نظام خاتمے کے قریب؟

29 اگست 2018

مغربی یورپ میں ہر سال دو بار یہ بحث شدید ہو جاتی ہے کہ آیا گرمیوں اور سردیوں کے مختلف معیاری اوقات کا نظام درست ہے۔ اب یورپی یونین کے ایک سروے میں اسّی فیصد شہریوں نے تبدیلی وقت کے نظام کے خاتمے کی حمایت کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/33xQS
تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/D. Oliveira

مغربی یورپ میں ہر سال معیاری وقت دو بار تبدیل ہوتا ہے۔ ایک بار مارچ کے اواخر میں جب موسم گرما کا معیاری وقت شروع ہوتا ہے اور دوسری بار اکتوبر کے اواخر میں جب موسم سرما کے معیاری وقت کا آغاز ہوتا ہے۔ یورپی یونین نے اپنے رکن ممالک میں حال ہی میں ایک آن لائن سروے کرایا، جس میں عام شہریوں سے پوچھا گیا تھا کہ وہ یورپ میں گرما اور سرما کے مختلف معیاری اوقات کے بارے میں کیا سوچتے ہیں اور آیا یہ نظام ختم کر دینا چاہیے۔

Brüssel EU-Kommission Entscheidung zu Maut in Deutschland - Violeta Bulc
یورپی یونین کی ٹرانسپورٹ کمشنر ویولیٹا بُلٹستصویر: picture-alliance/dpa/S. LeCocq

اس سروے میں 80 فیصد سے زائد رائے دہندگان نے کہا کہ یورپ میں گرمیوں اور سردیوں میں مختلف معیاری اوقات کا نظام ختم کر دینا چاہیے۔ اس سلسلے میں جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی نے بتایا کہ اس سروے کے غیر اعلان شدہ سرکاری نتائج کے مطابق یورپی شہریوں کی تین چوتھائی سے بھی زیادہ اکثریت اس امر کے خلاف ہے کہ ’ہر سال دو بار وقت کو اِدھر اُدھر کیا جاتا رہے‘۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بھی باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہر پانچ میں سے چار سے بھی زیادہ یورپی باشندے یونین میں وقت کی تبدیلی کے نظام کے خلاف ہیں۔

اس آئن لائن سروے میں پوری یورپی یونین سے 4.6 ملین شہریوں نے حصہ لیا، جن میں سے تین ملین سے زائد رائے دہندگان کا تعلق جرمنی سے تھا، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے۔

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ اس سروے کے اتنے واضح نتائج اور موجودہ نظام میں تبدیلی کی عوامی خواہش کے بعد یہ امکان کافی زیادہ ہے کہ برسلز میں یورپی کمیشن کی طرف سے ان نتائج کے پیش نظر جلد ہی ایک فیصلہ کر لیا جائے گا۔ یورپی یونین اب کیا فیصلہ کرتی ہے اور اگر موجودہ ’ٹائم سسٹم‘ میں کوئی تبدیلی کی گئی،تو وہ کیا ہو گی اور اس پر کب سے عمل درآمد کیا جائے گا، یہ بات ممکنہ طور پر اسی ہفتے واضح ہو جائے گی۔

یورپی یونین کے اندرونی حلقوں کے مطابق یورپی معیاری وقت کے تعین اور اس میں تبدیلی کا معاملہ یونین کی کمشنر ویولیٹا بُلٹس کی عمل داری میں آتا ہے۔ کافی زیادہ امکان ہے کہ کمشنر بُلٹس کل جمعرات تیس اگست کو برسلز میں اس بارے میں ایک اعلان کرتے ہوئے اپنی طرف سے تجاویز پیش کر دیں گی۔

یورپ میں ہر سال دو باری وقت کی تبدیلی کا نظام کافی عرصے سے متنازعہ ہے اور اسی سلسلے میں اس سال فروری میں یورپی پارلیمان نے بھی یورپی کمیشن سے کہا تھا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے کہ اس نظام پر عمل درآمد جاری رکھنے کے فوائد کیا ہیں اور اس میں ممکنہ تبدیلی کے منفی اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔ یورپی پارلیمان کے اس مطالبے کے بعد ہی یورپی کمیشن نے اس سروے کا آغاز جولائی میں کیا تھا۔

جرمنی میں توانائی کی بچت کے لیے موسم گرما اور سرما کے مختلف معیاری اوقات کا نظام 1980ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یونین کی رکن کئی دیگر ریاستوں میں تو یہ نظام 1980ء سے بھی پہلے سے رائج ہے۔ اب تک کے طریقہ کار کے مطابق مغربی یورپ میں ہر سال مارچ کے آخری اتوار کو گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے اور اکتوبر کے آخری اتوار کو دوبارہ ایک گھنٹہ پیچھے کر دی جاتی ہیں۔

م م / ع ا / اے آر ڈی، ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید