1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی پارلیمنٹ کے وفد کا دورہ ء ایران منسوخ

28 اکتوبر 2012

یورپی پارلیمنٹ کے پانچ رکنی وفد کا دورہ ء ایران منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس وفد نے ایران میں قید رواں برس کے’سخاروف پرائز‘ حاصل کرنے والی انسانی حقوق کی کارکن نسرین ستودہ اور فلم میکر جعفر پناہی سے ملاقات کرنا تھی۔

https://p.dw.com/p/16YHO
تصویر: Arash Ashourinia/AFP/Getty Images / picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یورپی پارلیمنٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس وفدکا یہ دورہ اس لیے منسوخ کیا گیا ہے کیونکہ ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ یہ وفد تہران میں قید ان دونوں شخصیات سے نہیں مل سکے گا۔

انسانی حقوق کی سرکردہ خاتون کارکن نسرین ستودہ اور حکومت کے ناقد فلم ہدایتکار جعفر پناہی کو جمعہ کے دن انسانی حقوق کے معتبر یورپی ایوارڈ ’سخاروف پرائز‘ سے نوازا گیا تھا۔ یہ انعام انسانی حقوق کے لیے گرانقدر خدمات ادا کرنے والی چیدہ شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

رواں برس کے اس پرائز کے لیے جن شخصیات کو نامزد کیا گیا تھا، ان میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے خلاف احتجاج کرنے والی میوزک بینڈ پُسی رائٹ کی خواتین سنگرز، بیلاروس کے انسانی حقوق کے سرکردہ کارکن Ales Bialiatski، قانونی مدد فراہم کرنے والے Joseph Francis اور روانڈا میں اپوزیشن کے تین کارکن بھی شامل تھے۔

Iran Dissidentin Nasrin Sotoudeh
نسرین ستودہتصویر: Arash Ashourinia/AFP/Getty Images

یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے بقول تہران حکومت نے کہا ہے کہ اتنے مختصر وقت میں یورپی پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات ان دونوں شخصیات سے کرانے کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے دن یہ وفد ایران کے لیے روانہ ہونے والا تھا کہ یورپی یونین کے لیے ایرانی سفیر نے ٹیلی فون کر کے بتایا کہ یہ وفد نسرین اور پناہی سے نہیں مل سکے گا، جس کے بعد یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

سنتالیس سالہ نسرین ریاستی سلامتی کے خلاف سازش میں ملوث پائے جانے پر گیارہ برس کی سزائے قید کاٹ رہی ہے جبکہ باون سالہ پناہی اپنے گھر پر نظر بند ہیں اور حکومت کی طرف سے ان پر بیس برس تک فلمسازی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی نے ایرانی پارلیمان کے اسپیکر کے خصوصی مشیر برائے بین الاقوامی امور حسین شیخ الاسلام کے حوالے سے بتایا ہےکہ تہران نے یورپی پارلیمنٹ کے اس وفد کی طرف سےلگائی گئی اس شرط کو مسترد کر دیا تھا کہ یہ وفد ان ’دونوں قیدیوں ‘سے ملاقات کرے گا۔

ایرانی اور یورپی پارلیمنٹ کے مابین ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ایران کے معروف وکیل کاظم جلالی نے کہا ہےکہ یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے ’غیر منطقی ‘ درخواست کی وجہ سے اس دورے کی راہ میں رکاوٹ پڑی۔ یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے آخری مرتبہ 2007ء میں ایران کا دورہ کیا تھا۔

( ab /ai (AFP