1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز کل جمعے سے

7 جون 2012

فٹ بال کے عالمی کپ کے بعد سب سے زیادہ جوش و خروش کا ٹورنامنٹ اسی کھیل میں یورپی چیمپئن شپ سمجھی جاتی ہے۔ چار سال بعد منعقد ہونےوالے اس ٹورنامنٹ کا رواں برس انعقاد پولینڈ اور یوکرائن میں ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/159uz
میرکل کی جرمن فٹ بال ٹیم سے ملاقاتتصویر: dapd

یورپی چیمپئن شپ کے شروع ہونے میں اب بات گھنٹوں پر آ گئی ہے۔ کل جمعے کے روز اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ گروپ اے کی دو ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ اس میں ایک ٹیم میزبان پولینڈ اور دوسری یونان کی ہے۔ افتتاحی میچ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں شیڈیول ہے۔ آٹھ جون کے روز دوسرا میچ روس اور چیک جمہوریہ کے درمیان ہو گا۔

جرمنی کی ٹیم گروپ بی میں ہے۔ گروپ بی کے میچوں کا آغاز 9 جون سے ہو گا۔ جرمن ٹیم کا پہلا میچ پرتگال سے ہے۔ پرتگال کو یورپی فٹ بال منظر پر ایک پاور ہاؤس کا درجہ حاصل ہے۔ یورو چیمپئن شپ کے لیے جرمن ٹیم ان دنوں پولستانی شہر گڈانسک میں تربیت کے آخری مراحل طے کر رہی ہے۔

EURO 2012 Deutsche Nationalmannschaft Besuch Angela Merkel
میرکل نے جرمن فٹ بال ٹیم کے ساتھ ملاقات کے بعد رات کا کھانا بھی کھایاتصویر: dapd

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے مورال کو بلند کرنے کے لیے چانسلر انگیلا میرکل نے کل بدھ کے روز گڈانسک کا دورہ بھی کیا تھا۔ اپنے قیام کے دورن جرمن چانسلر نے کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کے علاوہ اُن سے خطاب بھی کیا۔ انگیلا میرکل اپنی فٹ بال ٹیم کی زور دار مداح ہیں اور ہر اہم موقع پر وہ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملتی رہتی ہیں۔ جرمن ٹیم کے مینیجر اولیور بیئر ہوف نے چانسلر کی آمد کو ٹیم کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قراردیا۔ جرمن ٹیم جنوبی فرانس میں ابتدائی تربیتی عمل مکمل کر کے اسی ہفتے کے دوران پیر کے روز پولینڈ کے بندرگاہی شہر گڈانسک پہنچی تھی۔

ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل ہی فائنل میچ کے لیے قیاس آرائیوں اور اندازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کھیل کے ماہرین کا خیال ہے کہ جرمنی اور اسپین کی ٹیمیں یورو چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔  فائنل میچ پہلی جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے اولمپک اسٹیڈیم میں ہو گا۔ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلے میں صرف جرمنی اور اسپین ہی دو ایسی ٹیمیں تھیں، جنہوں نے اپنے تمام میچ جیتے تھے۔

EURO 2012 Deutsche Nationalmannschaft Besuch Angela Merkel
جرمن چانسلر نے پولینڈ کے شہر گڈانسک میں اپنی فٹ بال ٹیم سے ملاقات کیتصویر: dapd

جرمن ٹیم کے جنرل مینیجر اولیور بیئرہوف نے ان اندازوں کی مناسبت سے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہسپانوی ٹیم ایک مضبوط اور متوازن ٹیم ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں اسپین کی ٹیم کو فیورٹ خیال کرتے ہیں کیونکہ کوالیفائنگ مرحلے میں ان کی پرفارمنس شاندار تھی۔ جرمن ٹیم کے جنرل مینیجر کا ہسپانوی ٹیم کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ اس میں کئی ذہین، تجربہ کار اور بہتر کھلاڑی موجود ہیں۔ بیئر ہوف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے قبل فائنل میچ کے بارے میں اندازہ لگانا دشوار ہے۔

جرمن فٹ بال ٹیم اپنا پہلا میچ مغربی یوکرائن کے شہر لی ویُو (Lviv) میں کھیلے گی۔ جرمن شائقین اس شہر کو لیمبرگ (Lemberg) بھی کہتے ہیں۔ سن 2008 میں جرمنی نے یورو چیمپئن شپ میں پرتگال کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔ اس سے پچھلی چیمپئن شپ میں جرمنی کی ٹیم نے پرتگال سے تین گول سے شکست کھائی تھی۔

ah/aa (dpa, AFP)