1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو 2012: اسپین کی جیت، اٹلی اور کروشیا برابر

15 جون 2012

یورو کپ 2012 کے گروپ سی میں جمعرات کی شام کھیلے گئے دومیچوں کے بعد عالمی چیمپئن اسپین اب گروپ لیڈر بن گیا ہے۔ اٹلی اور کروشیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد اطالوی ٹیم تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/15FYe
تصویر: AP

جمہوریہ آئر لینڈ کی فٹ بال ٹیم کو یورپی اور عالمی چیمپئن اسپین کی ٹیم کا سامنا تھا۔ اس میچ میں ہسپانوی ٹیم کا کھیل انتہائی شاندار رہا۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کی بعض غلطیوں کا ہسپانوی فارورڈ کھلاڑیوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اسپین کی ٹیم نے چار گول کیے اور آئرش ٹیم کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں آئرش کھلاڑی گول کر سکتے تھے لیکن گیند یا تو سیدھی گول کیپر کے ہاتھوں میں پھینک دی گئی یا گول کرنے کے عمل میں تاخیر کر دی گئی۔

UEFA EURO 2012 Europameisterschaft Irland vs Spanien Tor Silva
ہسپانوی ٹیم کے ڈیوڈ سلوا گول کرنے کے بعدتصویر: Reuters

اسپین کے لیے یورو کپ 2012 کے گروپ سی کا جمعرات کی شام کھیلا جانے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور اس میں کامیابی بہت اہم تھی۔ اس کی بڑی وجہ ہسپانوی ٹیم کا پہلے راؤنڈ میں اٹلی کے خلاف اپنا میچ برابری پر ختم کرنا تھا اور وہ صرف ایک پوائنٹ حاصل کر پائی تھی۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے خلاف میچ میں چار گول کا بڑا فرق بھی دفاعی چیمپئن کے لیے اہم ہے۔ اسپین کی جانب سے فرنانڈو ٹوریس (Fernando Torres) نے دو گول کیے۔ جمہوریہ آئر لینڈ کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے اور اب اس کی کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

ہسپانوی ٹیم کے کوچ ویسینٹ ڈیل بوسک (Vicente del Bosque) نے اپنی ٹیم کی جیت کو نہایت خوش آئند قرار دیا۔ کوچ کے مطابق ٹیم میں ٹوریس کی واپسی گول کرنے کے لیے تھی اور وہ اس میں بھرپور انداز میں کامیاب رہے ہیں۔ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کروشیا کے خلاف آئندہ میچ ڈرا ہو جاتا ہے تو یہ بہتر نہیں ہو گا اور کروشیا کے خلاف ہسپانوی ٹیم کو یقینی طور پر جیتنا ہو گا۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے مڈ فیلڈر کیتھ اینڈریوز (Keith Andrews) نے اسپین کے ساتھ میچ کو بہت مشکل قرار دیا۔

UEFA EURO 2012 Europameisterschaft Irland vs Spanien Tor Torres
فرنانڈو ٹوریس دوسرا گول کرتے ہوئےتصویر: Reuters

يوئيفا يورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے گروپ سی کا ایک اور میچ جمعرات ہی کی شام اٹلی اور کروشیا کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے اختتام پر اطالوی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اس نے دو میچ کھیل کر دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اس طرح اب اس کو جمہوریہ آئر لینڈ کے خلاف میچ خاصے پریشر میں کھیلنا ہو گا اور اس میں جیت سے ہی وہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہو گی۔

کل جمعے کے روز گروپ ڈی کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان یوکرائن کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا اور سویڈن اپنا دوسرا میچ فرانس کے خلاف کھیلے گا۔ ان میچوں کے مکمل ہونے پر یورو کپ 2012 کے دوسرے راؤنڈ کی تکمیل ہو جائے گی۔ اس وقت گروپ ڈی میں یوکرائن کی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ سولہ جون ہفتے کے روز گروپ لیول کے آخری راؤنڈ کا سلسلہ شروع ہو گا۔

ah/mm (AFP, Reuters)