1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'ہٹلر کی محبوبہ پر لیکچر کا اہتمام کیوں کیا؟'

2 مارچ 2020

جرمنی میں یہود مخالف رجحانات کے سد باب کے کمشنر نے ایک یونیورسٹی میں ہٹلر کی محبوبہ ایوا براؤن کی زندگی سے متعلق ایک لیکچر کا اہتمام کرنے پر سخت تنقید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3YkoJ
Antisemitismusbeauftragter Felix Klein
تصویر: Imago Images/epd/C. Ditsch

یہود دشمنی کے سدباب کے لیے قائم کمیشن کے سربراہ فیلکس کلائن نے ٹیکنیکل یونیورسٹی آف براؤنشوائگ میں منعقدہ اس لیکچر کو 'ناقابل فہم' قرار دیا۔     

جرمن اخبار بلڈ کے مطابق یونیورسٹی نے ایوا براؤن کے بارے میں اس لیکچر کو تاریخ کی نامور خواتین کے بارے میں لیکچرز کی ایک سیریز کا حصہ بنایا تھا۔

کمیشن کے سربراہ ن کہا کہ اس اقدام سے یونیورسٹی ''نازی خیالات کو  فروغ دے رہی ہے۔‘‘ یونیورسٹی نے ایک بیان میں اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ '' دراصل یہ دائیں بازو کی انتہا پسند داستانوں کے خلاف اقدامات کا حصہ ہے۔‘‘

تاہم براؤنشوائگ یونیورسٹی نے لیکچر کے عنوان پر معذرت کرتے ہوئے اسے ''غیر مناسب الفاظ‘‘ سے تعبیر کیا اور اس پر مخلصانہ اظہار افسوس کیا۔ لکچر کا عنوان تھا،''میں ایوا براؤن، جرمنی اور دنیا کے سب سے عظیم آدمی کی محبوبہ۔‘‘

 

اسی دوران ایوا براؤن کی تاریخی اہمیت پر بات کرنے کے لیے جس لیکچرار کو مدعو کیا گیا تھا، اُن کی بیماری کے سبب یہ لیکچر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

Adolf Hitler und Eva Braun
آڈولف ہٹلر اور ایوا براؤنتصویر: imago/ZUMA/Keystone

یونیورسٹی اب اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ اس لیکچر کی تیاری کرنے والے محقق کو اس پروگرام میں اپنے کردار کی وضاحت کس طرح کرنا ہوگی۔ یونیورسٹی کو اس بات پر بھی غور کرنا ہے کہ ایوا براؤن جیسی تاریخی طور پر ایک غیر اہم خاتون آج بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز کیوں ہے۔

واضح رہے کہ ہٹلر کے اقتدار کےعروج کے دوران ، اُس وقت کی وائمر ریپبلک یا وائمرجمہوریہ میں براؤنشوائگ کو علاقائی ریاست کی حیثیت حاصل تھی۔ اسی ریاست نے آڈولف ہٹلر کو جرمنی کی شہریت دی تھی۔ 

آڈولف ہٹلر کی محبوبہ ایوا براؤن نے  زہر کھا کر اور ہٹلر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی تھی۔ ان دونوں کی اموات ان کی باضابطہ شادی کے 40 گھنٹے بعد ہوئی تھیں۔ ان کی اموات واقع ہونے تک ان دونوں کے ازدواجی تعلقات کے بارے میں بہت کم لوگوں کو علم تھا۔

جرمنی میں فیڈرل گورنمنٹ کمشنر برائے انسداد سامیت دشمنی کا دفتر 2018 ء میں قائم کیا گیا تھا اور یہ وزارت داخلہ، عمارت اور برادری کی وفاقی وزارت میں قائم ہے۔ ڈاکٹر فیلکس کلائن یکم  مئی 2018 ء سے اس کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کارٹر لیاہ/ ک م / ش ج 

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں