1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہواوے پر عائد امریکی پابندیوں میں عبوری نرمی

21 مئی 2019

امریکی محکمہ تجارت نے چینی کمپنی ہواوے پر عائد کردہ پابندیوں میں نوے دن کی نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کمپنی کو اب یہ اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ امریکی ساختہ مال خرید سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3IoWU
Paraguay Google Play Store und Huawei Logo
تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/A. M. Chang

امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے ہواوے پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اجازت سے چینی کمپنی امریکی فرموں کے ساتھ کاروباری سودوں کو اگلے نوے دنوں تک جاری رکھ سکے گی۔ اسی طرح وہ امریکی کمپنیاں بھی ہواوے سے ایسے آلات خریدنے کی مجاز ہوں گی جو وہ اپنے استعمال میں لائے ہوئے ہیں۔ ولبر راس کے مطابق عبوری اجازت کے بعد ہواوے موبائل فونز استعمال کرنے والوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا اور رورل براڈبینڈ نیٹ ورک میں بھی تسلسل رہے گا۔

ایک اور پیش رفت یہ ہے کہ چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے اور انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے واشنگٹن حکومت کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے تناظر میں اپنے باہمی معاملات حل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انیس مئی کو گوگل اور اینڈرائڈ نے چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے کے ساتھ اپنے رابطے ختم کرنے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ موبائل ٹیلی فونز میں استعمال ہونے والا ایک آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ گوگل ہی کی ملکیت ہے۔

Google-Logo in Beijing
ہواوے اور گوگل نے امریکا کی عائد کردہ پابندیوں کے بعد باہمی معاملات حل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیںتصویر: Reuters/T. Peter

 گوگل اور اینڈرائڈ نے ہواوے کے ساتھ رابطے ختم کرنے کا فیصلہ واشنگٹن حکومت کی جانب سے چینی کمپنی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیے جانے کے بعد کیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ مختلف چینی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی شیئرنگ کو بھی ممنوع قرار دے چکی ہے۔ ان کمپنیوں سے کاروباری روابط اب واشنگٹن کی اجازت سے ہی قائم کیے جا سکیں گے۔ عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد اگلے نوے ایام کے لیے کسی خصوصی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔

دوسری جانب ہواوے کے بانی رین ژینگ فائی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گوگل اور اُن کا ادارہ امریکی پابندیوں کے بعد کی صورت حال سے عملی طور پر نمٹنے کی کوشش میں ہے۔ ہواوے کے بانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی سیاستدانوں کی موجودہ روش ظاہر کرتی ہے کہ وہ اُن کی کمپنی کی طاقت کا اندازہ صحیح طور پر لگانے سے قاصر رہے ہیں۔

چینی ٹیلی کوم کمپنی نے ایسے اشارے بھی دیے ہیں کہ وہ اپنا آپریٹنگ سسٹم جلد ہی متعارف کروا سکتی ہے۔ اس سسٹم کو تیار کرنے پر ہواوے سن 2012 سے توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

سری نواس موزمدار (عابد حسین)