ہنگری کے طلبہ کی بس کو اٹلی میں حادثہ، 16 ہلاک
21 جنوری 2017اٹلی کے شمالی شہر ویرونا کے قریب گزشتہ شب یہ حادثہ ایک موٹر وے پر پیش آیا جب مذکورہ بس سڑک کے کنارے پر رکھی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔ اطالوی نیوز ایجنسی Agi کے مطابق فرانسیسی بس ڈرائیور بھی اپنے خاندان سمیت اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس بس کے مسافروں کی زیادہ تر تعداد ہنگری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تھی اور جن کی عمریں 16 سے 18 برس کے درمیان تھیں۔ یہ بوڈاپیسٹ کے ایک ہائی اسکول کے طلبہ تھے جو اٹلی کا سیاحتی دورہ مکمل کرنے کے بعد فرانس سے گزر کر بوڈاپیسٹ جا رہے تھے۔
ہنگری کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان تاماس مینزر کے مطابق ’’صورتحال انتہائی خوفناک‘‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بس پر قریب 60 مسافر سوار تھے اور یہ ویرونا نامی شہر کے قریب A4 موٹر وے پر نصف شب کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو ویرونا کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطالوی پولیس کے مطابق نصف شب کو پیش آنے والے اس حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم فوری طور پر اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔