1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاٹ ایئر بیلون ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں میں ٹکرا گیا

1 اکتوبر 2018

جرمنی میں ایک ہاٹ ایئر بیلون زمین سے 270 فٹ کی اونچائی پر ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرایا۔ یہ حادثہ جرمنی کے شمال مغربی شہر ایسن کے قریب اتوار کی شام پیش آیا۔ گرم ہوا سے اڑنے والے اس غبارے پر چھ افراد سوار تھے۔

https://p.dw.com/p/35luo
Bottrop Heißluftballon stürzt in Stromleitung
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Seidel

پولیس کے مطابق گرم ہوا سے اڑنے والا یہ غبارہ بوٹروپ نامی شہر میں اس حادثے کا شکار ہوا۔ یہ غبارہ زمین سے 70 میٹر کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا جب یہ انتہائی طاقتور بجلی کی لائن کے ایک کھمبے میں جا الجھا۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق اس غبارے پر سوار تمام چھ افراد کو بچا لیا گیا۔ اس مشکل آپریشن میں آخری شخص کو مقامی وقت کے مطابق رات 11:20 پر بحفاظت اُتارا گیا۔ یہ غبارہ ٹکرانے کے پانچ گھنٹوں سے بھی زائد وقت بنتا ہے۔ ان تمام افراد کو حفاظتی اقدامات کے طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق تمام چھ افراد خیریت سے تھے اور وہ فائر بریگیڈ کے عملے سے بذریعہ فون بات چیت کرنے کے قابل تھے۔

Bottrop
اس مشکل آپریشن کے لیے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی جبکہ غبارے کے ساتھ منسلک بڑی سی ٹوکری کو اس طرح محفوظ کیا گیا کہ وہ نیچے نہ گرے۔تصویر: picture-alliance/dpa/C. Seidel

فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق اس مشکل آپریشن کے لیے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی جبکہ غبارے کے ساتھ منسلک بڑی سی ٹوکری کو اس طرح محفوظ کیا گیا کہ وہ نیچے نہ گرے۔ جس کے بعد رسوں کے ذریعے ان تمام افراد کو ایک ایک کر کے نیچے اتارا گیا۔

ترجمان کے مطابق غبارے پر سوار یہ تمام افراد اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ صرف غبارہ تاروں سے ٹکرایا اور اس کی باسکٹ یا ٹوکری جس میں یہ لوگ سوار تھے براہ راست بجلی کی تاروں سے نہیں ٹکرائی۔

رواں برس جون میں ایک ہاٹ ایئر بیلون ایسن کے قریبی علاقے مؤنسٹرلانڈ میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ا ب ا / ع ت (خبر رساں ادارے)