1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستفرانس

گیبریئل ایٹال فرانس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم منتخب

9 جنوری 2024

ماکروں کی جانب سے ایٹال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4b1hI
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہے
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہےتصویر: Christian Liewig/abaca/picture alliance

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہے۔ اس طرح ایٹال فرانس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ وہ ملکی تاریخ کے پہلے ایسے وزیر اعظم بھی ہیں جو ہم جنس پرست ہیں اور اس بات کو انہوں نے پنہاں نہیں رکھا ہے۔

ایٹال فی الوقت فرانس کے وزیر تعلیم ہیں اور کووڈ انیس کی وبا کے دوران وہ حکومتی ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ ماکروں کے یہ قریبی اتحادی بحیثیت وزیر اعظم الزبتھ بورن کی جگہ لیں گے۔

ماکروں کی جانب سے وزیر اعظم کے منصب کے لیے ایٹال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

گو کہ ان کا یہ اقدام ان کے لیے کسی بڑی سیاسی تبدیلی کا سبب تو نہیں بنے گا، لیکن یہ ایک اشارہ ہے کہ ماکروں گزشتہ برس تنقید کا نشانہ بننے والی اپنی حکومت کی پینشناور مہاجرت کی پالیسیوں کے بعد اب جون میں ہونے والے پورپی پارلیمانی الیکشن میں اپنی جماعت رینیسانس کی جیت کے امکانات بڑھانا چاہتے ہیں۔

ماکروں 2022ء میں دوسری مرتبہ فرانس کے صدر منتخب ہوئے تھے، لیکن اس الیکشن میں ان کی حکومت نے پارلیمان میں اپنی واضح اکثریت کھو دی تھی۔ ماکروں کو پارلیمان اور سیاسی میدان میں تب سے ہی مشکل حالات کا سامنا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہے
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہےتصویر: Raphael Lafargue/abaca/picture alliance

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق مقبولیت کے اعتبار سے اس وقت دائیں بازو کی لیڈر مرین لے پین کی سیاسی جماعت کو ماکروں کی جماعت اور حمایتیوں پر تقریبا  آٹھ سے دس پرسینٹیج پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

تاہم ان جائزوں کے مطابق ایٹال اس وقت ملک کے مقبول ترین سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔

ان جائزوں میں سے ایک، یرسن انٹریکٹو میں اپنی رائے دینے والے ژاں ڈینیئل لیوی کا کہنا ہے کہ ماکروں اور ایٹال کی جوڑی موجودہ فرانسیسی حکومت کو "نئی زندگی دے سکتی ہے"۔

لیکن فرانس میں حذب اختلاف کا خیال ہے کہ ایٹال کے وزیر اعظم منتخب ہونے سے ملک کے سیاسی منظر نامے میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ زیادہ تر حکومتی فیصلے ماکروں ہی کرتے ہیں۔

اس حوالے سے سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر اولیویئر فورے نے فرانس انٹر ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا، "چاہے الزبتھ بورن ہوں، گیبریئل ایٹال یا کوئی اور، مجھے کوئی پرواہ نہیں کیونکہ پالیسیاں تو وہی رہیں گی۔"

فرانس: پينشن اصلاحات کے خلاف لاکھوں شہریوں کا احتجاج

م ا/ ک م (روئٹرز)