1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ، 1000 سے زائد لاپتہ

17 نومبر 2018

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ امدادی کارکنوں کو اب تک 71 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ یہ آگ کیلیفورنیا کی تاریخ کی بدترین آگ تھی۔

https://p.dw.com/p/38Qaf
USA Waldbrände in Kalifornien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/G. Flaccus

امریکی امدادی کارکنوں کو اب اُن ایک ہزار سے زائد افراد کی تلاش ہے جو کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں انتہائی بڑے علاقے میں لگنے والی اس آگ کے بعد لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک 71 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم لاپتہ افراد کی تعداد اس سے کئی گُنا زیادہ ہے۔

ايک مقامی اہلکار نے جمعے کی شب میڈیا کو بتايا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاپتہ افراد کی تعداد 631 سے بڑھ کر 1,011 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق آٹھ نومبر کو کيليفورنيا کے جنگلاتی علاقے ميں لگنے والی اس آگ کی لپیٹ میں اب تک 146,000 ايکڑ رقبہ آ چکا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی فہرست میں ممکنہ طور پر وہ افراد بھی شامل ہیں جو آگ لگنے کے سبب اپنا گھر بار چھوڑ گئے تاہم ان سے رابطہ نہ ہونے کے سبب ان کا نام لاپتہ افراد کی فہرست میں درج کرا دیا گیا، ساتھ ہی ایسے افراد بھی جن کا نام دو مرتبہ اس فہرست میں شامل ہو گیا۔

امدادی کارکن سونگھنے والے کتوں کے ساتھ گھر گھر جا کر لوگوں کی تلاش کے کام میں مصروف ہیں جبکہ لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کا ڈی این اے بھی حاصل کیا گیا ہے۔

USA Waldbrände in Kalifornien
امدادی کارکن سونگھنے والے کتوں کے ساتھ گھر گھر جا کر لوگوں کی تلاش کے کام میں مصروف ہیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Locher

گزشتہ برس کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد حکام نے دو ہزار سے زائد افراد کو لاپتہ افراد کی فہرست میں ڈال دیا تھا تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد محض 44 رہی تھی۔

رواں برس لگنے والی آگ تاہم زیادہ تباہ کن تھی جس نے پیراڈائز نامی شہر کو تقریباﹰ مکمل طور پر جلا کر رکھ دیا۔ اس شہر کے باسیوں کی تعداد 27 ہزار کے قریب تھی۔ اس آگ کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ہفتے کے روز آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

ا ب ا / ع س (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)