1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیرالا میں صدی کا بدترین سیلاب: سینکڑوں ہلاک، آٹھ لاکھ بےگھر

19 اگست 2018

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں گزشتہ ایک صدی کے دوران آنے والے بدترین سیلاب کے باعث اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ بے گھر سیلاب زدگان کے لیے چار ہزار عارضی رہائشی کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/33O04
تصویر: IANS

کیرالا کے شہر چینگانور سے اتوار انیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق حکام نے آج بتایا کہ اب تک یہ سیلاب 350 سے زائد شہریوں کی ہلاکت کی وجہ بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے گھروں اور رہائشی علاقوں کے پوری طرح زیر آب آ جانے کے نتیجے میں بے گھر ہو جانے والے شہریوں کی تعداد بھی آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

کیرالا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے اعلیٰ اہلکار پی ایچ کوریان نے بتایا، ’’ہزاروں کی تعداد میں امدادی کارکن متاثرین کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔ چاروں طرف سے پانی میں گھرے ہوئے علاقوں میں سینکڑوں کشتیوں اور دو درجن کے قریب ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاظرین تک ہنگامی امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔‘‘

کوریان نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ اب بھی قریب 10 ہزار افراد ایسے ہیں، جو ہر طرف سے پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور اپنے گھروں یا مکانات کی چھتوں پر مدد کے انتطار میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم ان تقریاﹰ دس ہزار متاثرین کو بھی کل پیر کے دن تک ریسکیو کر لیں گے۔‘‘

کیرالا ہی میں ریاستی حکومت کے دیگر اہلکاروں کے مطابق آٹھ لاکھ بے گھر شہریوں کے لیے چار ہزار کے قریب عارضی رہائشی کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں اور امید ہے کہ ان کی مدد کا کام آئندہ دنوں میں زیادہ تیز رفتاری سے کیا جا سکے گا کیونکہ اب بارشیں کچھ کم ہو گئی ہیں۔ لیکن بیس اگست کے دن متاثرین کی مدد کا کام ایک بار پھر اس لیے مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے کہ بھارت میں مون سون کے موسم کے عروج پر موسمیاتی ماہرین نے پیر کے روز پوری ساحلی ریاست کیرالا میں نئے سرے سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

 Indien Monsun - Überschwemmungen in Kerala
تصویر: Imago/Xinhua
Indien Überschwemmungen im Bundestaat Kerala
تصویر: Getty Images/AFP

ادھر پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا ہے کہ کیرالا کی ہمسایہ بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر سے کم از کم دو ریل گاڑیاں بہت سا امدادی سامان لے کر کیرالا کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔ بھارتی ریلوے کے ایک مرکزی اعلیٰ افسر کے مطابق ان ریل گاڑیوں کے ذریعے کیرالا کے سیلابی متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی سامان اور اشیائے خوراک کے علاوہ پینے کا قریب 1.5 ملین لٹر صاف پانی بھی بھیجا جا رہا ہے۔

کیرالا میں یہ سیلاب ان مسلسل شدید بارشوں کے بعد آئے تھے، جو ملک کے کئی حصوں میں آٹھ اگست کو شروع ہوئی تھیں۔ یہ سیلاب اتنے شدید تھے کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران کم از کم کیرالا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان سیلابوں کے دوران زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ، مکانات کے منہدم ہو جانے اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے شدید نقصان کے نتیجے میں ہوئی تھیں۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں کیرالا میں اب تک بہت سے پل بھی منہدم ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 10 ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل روڈ نیٹ ورک کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب ہی کی وجہ سے گزشتہ منگل کے دن سے ریاست کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والا کوچی شہر کا ایئر پورٹ بھی بند ہے، جو شاید 26 اگست کو دوبارہ کھولا جا سکے گا۔

م م / ع ت / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید