1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کویتی شہزادے سمیت سات افراد کو قتل کے جرم میں پھانسی

مقبول ملک
25 جنوری 2017

کویت میں شاہی خاندان کے ایک رکن سمیت سات مجرموں کو قتل کے جرم میں پھانسی دے دی گئی ہے۔ اس کویتی شہزادے نے اپنے ایک بھتیجے کو قتل کر دیا تھا۔ سزائے موت پانے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں، جن میں سے دو غیر ملکی تھیں۔

https://p.dw.com/p/2WNJS
Deutschland Galgen im Neanderthal Museum Mettmann
قریب چار سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کویت میں کسی مجرم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Weihrauch

خلیجی عرب ریاست کویت کے دارالحکومت کویت سٹی سے بدھ پچیس جنوری کو موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق قریب چار سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کویت میں کسی مجرم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

اس ریاست کے سرکاری خبر رساں ادارے کُونا نے بتایا کہ جن سات مجرموں کو آج پھانسی دے دی گئی، ان میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔ ان خواتین میں سے ایک کویتی شہری تھی اور باقی دو میں سے ایک ایتھوپیا کی اور دوسری فلپائن کی ایک 42 سالہ شہری۔ ان تمام ساتوں افراد کو موت کی سزائیں ان کے خلاف مختلف مقامات پر مختلف واقعات میں قتل کا جرم ثابت ہو جانے پر سنائی گئی تھیں۔

کویت نیوز ایجنسی کے مطابق اس عرب ریاست میں حکمران شاہی خاندان کے جس رکن کو پھانسی دی گئی، اس کا نام شیخ فیصل الصباح تھا، جس نے اپنے ہی ایک بھیتجے کو قتل کر دیا تھا۔ سزائے موت پانے والے باقی تین مردوں میں سے دو مصری تھے اور ایک بنگلہ دیش کا ایک شہری۔

ان میں سے کویتی شہزادے اور دونوں مصری باشندوں کو قتل کے جرم میں تختہء دار پر لٹکا دیا گیا جبکہ سزائے موت پانے والا بنگلہ دیشی شہری قتل کے علاوہ چوری، اغوا اور ریپ جیسے جرائم کا مرتکب بھی ہوا تھا۔

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ خلیجی عرب ریاستوں میں ایسے واقعات بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں کہ حکمران شاہی خاندانوں کے اراکین میں سے کسی نے بہت بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہو اور پھر اسے سر قلم کر دیے جانے یا پھانسی کی صورت میں سزائے موت بھی دی گئی ہو۔

Kuwait City Skykine Wirtschaft Business Finanzsektor Architektur Wolkenkratzer
تمام ساتوں مجرموں کو پھانسی کویت سٹی کی ایک جیل میں دی گئیتصویر: picture alliance/Robert Harding

شہزادہ شیخ فیصل الصباح کے بارے میں کُونا نے لکھا ہے کہ وہ اپنے بھتیجے شہزادہ باسیل الصباح کے گھر پر موجود تھا کہ دونوں کے مابین بظاہر کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تھا اور اس دوران چیخنے چلانے کی آوازیں گھر کے ایک دوسرے کمرے میں موجود مہمانوں نے بھی سنی تھیں۔ اس جھگڑے کے دوران طیش میں آ کر پرنس فیصل نے پرنس باسیل کو بہت قریب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

قانونی ریکارڈ کے مطابق قاتل اور مقتول دونوں شہزادوں کے مابین جھگڑا گاڑیوں کی وجہ سے شروع ہوا تھا۔ مقتول باسیل الصباح اپنی عمر میں قاتل فیصل الصباح سے 20 سال بڑا تھا اور کویت موٹر ریسنگ کلب کا صدر تھا۔

کویت میں ان سات مجرموں کو بدھ کے روز دی جانے والی پھانسی مارچ 2013ء کے بعد اس ملک میں کسی مجرم کو سزائے موت دیے جانے کا پہلا واقعہ ہے۔ قریب چار سال قبل جن تین مجرموں کو پھانسی کے ذریعے سزائے موت دی گئی تھی، وہ بھی قتل کرنے کے مرتکب ہوئے تھے اور ان میں سے ایک کویتی تھا، دوسرا ایک سعودی باشندہ اور تیسرا ایک پاکستانی شہری۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں