1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کی دوسری لہر، امريکا و يورپ ميں ريکارڈ کیسز

24 اکتوبر 2020

موسم خزاں اور سردی کے ساتھ دنيا بھر ميں کورونا کے کيسز ميں خاطر خواہ اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔ امريکا ميں جلد انتخابات ہونے والے ہيں تاہم وہاں ريکارڈ تعداد ميں کورونا کے کيسز ميں اضافہ بھی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/3kNh8
Brasilien - Corona-Impfstoff wird in Brasilien getestet
تصویر: Allan Carvalho/NurPhoto/picture-alliance

امريکا ميں جمعے کو کورونا وائرس کے 84,218 نئے کيسز سامنے آئے، جو يوميہ بنيادوں پر نمایاں اضافہ ہے۔ داخلی سطح پر گيارہ رياستوں ميں ريکارڈ تعداد ميں کيسز سامنے آئے۔ اس وقت ملک بھر کے ہسپتالوں ميں زير علاج کووڈ انيس کے مريضوں کی تعداد 41 ہزار ہے اور اوسطاً آٹھ سو افراد يوميہ ہلاک ہو رہے ہيں۔ امريکا اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ وہاں متاثرين کی مجموعی تعداد 85 لاکھ سے زائد جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 224,000 سے زائد ہے۔

اسی تناظر ميں امريکی طبی ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ اگر ملک کے ہر شہری نے باقاعدگی سے چہرے پر ماسک نہ پہنا اور قواعد و ضوابط کا احترام نہ کيا، تو آئندہ برس فروری تک صرف امريکا ميں ہی اس وبائی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا ريکارڈ بھارت ميں سترہ ستمبر کو قائم ہوا تھا، جب چوبيس گھنٹوں کے دورانيے ميں 97,894 کيسز ريکارڈ کيے گئے تھے۔

Infografik Vergleich Corona-Fälle und Führung US-Bundesstaaten EN

عالمی صورتحال، متاثرين تقريباً بياليس ملين

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد تقريباً 42 ملين ہو گئی ہے۔ اس وبائی مرض سے اب تک گيارہ لاکھ چاليس ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا کے بعد بھارت دوسرا اور برازيل تيسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ يہ وائرس گزشتہ برس کے اواخر ميں چينی شہر ووہان سے پھيلا تھا اور اب تک دنيا کے دو سو دس خطوں اور ممالک ميں پھيل چکا ہے۔

Data visualization: COVID-19 global new case numbers trend - map calendar week 43

پولش صدر بھی کورونا ميں مبتلا

پولينڈ کے صدر آندريس دودا ميں کورونا وائرس کی تشخيص ہوئی ہے۔ اس بارے ميں ذرائع ابلاغ کو ايک ٹوئٹر پيغام کے ذريعے ہفتے کو مطلع کيا گيا۔ صدارتی ترجمان نے بتايا ہے کہ اڑتاليس سالہ دودا کی طبيعت فی الحال بالکل ٹھيک ہے البتہ طبی معالج ان کا مسلسل معائنہ جاری رکھے ہوئے ہيں۔

جرمنی ميں اموات دس ہزار سے زائد

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے آغاز سے لے کر اب تک جرمنی ميں دس ہزار تين افراد کووڈ انيس کا شکار بن کر ہلاک ہو چکے ہيں۔ رابرٹ کوخ انسٹيٹيوٹ کے ہفتے کے روز کے اعداد و شمار کے مطابق ملک گير سطح پر انفيکشنز کی تعداد 418,005 ہو چکی ہے۔ يوميہ بنيادوں پر ديکھا جائے، تو جرمنی ميں بھی پچھلے چوبيس گھنٹوں ميں ريکارڈ 14,714 نئے کيسز کا اندارج ہوا۔

کورونا کی دوسری لہر، چیک ری پبلک میں فیلڈ ہسپتال کا قیام

ع س / ش ح (اے ايف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)