1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: بھارت کا ووہان اور جاپان ریسکیو آپریشن

جاوید اختر، نئی دہلی
27 فروری 2020

کورونا وائرس کے حوالے سے بھارت کے تازہ ریسکیو آپریشن کے بعد جاپان میں ایک سیاحتی اور تفریحی جہاز پر پھنسے 119بھارتی اور پانچ غیر ملکی شہری نیز ووہان سے 36غیر ملکی اور 76 بھارتی شہری آج صبح دارالحکومت دہلی پہنچ گئے۔

https://p.dw.com/p/3YUyi
Symbolfoto Vorsichtsmaßnahmen Coronavirus | Spritze und Biogefährdungsschild auf Mundschutz
تصویر: picture-alliance/dpa/Bildagentur-online/Ohde

ایر انڈیا کا ایک خصوصی طیارہ جاپان سے 119بھارتی اور پانچ غیر ملکی شہریوں کو لے کر نئی دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈ ے پر اترا۔ غیر ملکیوں میں نیپال، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور پیرو کے شہری شامل ہیں۔ یہ لوگ جاپان کے یوکوہاما بندرگاہ پر سیاحتی او رتفریحی جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر گذشتہ پانچ فروری سے پھنسے ہوئے تھے۔

جاپانی حکام نے جہا ز کو بندرگاہ پر اس وقت روک لیا تھا اور اس پر سوار3711 مسافروں کو اس سے اترنے پر پابندی لگادی تھی جب یہ پتہ چلا کہ اس پر سوار ایک مسافر مہلک کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا ہے۔ ڈائمنڈ پرنسز پر 138بھارتی شہری بھی سوار تھے جن میں 16کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ ان کا علاج جاپان میں ہی کیا جائے گا۔

Japan | Coronavirus | Kreuzfahrtschiff «Diamond Princess»
سیاحتی بحری جہاز کے عملے کو بھی قرنطینہ بھیج دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/kyodo

جاپان سے جن لوگوں کو ریسکیو کرکے بھارت لایا گیا ہے انہیں دہلی میں نیم فوجی دستے انڈو تبت بارڈر پولیس کے چھاولا کیمپ میں قائم کردہ خصوصی قرنطینہ میں اگلے چودہ دنوں تک رکھا جائے گا۔

ادھر بھارتی فضائیہ کا ایک خصوصی طیارہ چین کے ووہان صوبہ سے 112 افراد کو لے کرآج صبح دہلی پہنچا۔ اس طیارہ کے ذریعہ چین میں بھارتی سفارت خانے کے تین افسران سمیت 76 بھارتی شہریوں اور 36 غیر ملکی شہریوں کو لایا گیا ہے۔ ان میں بنگلہ دیش، چین، میانمار، مالدیپ، امریکہ، جنوبی افریقہ اور مڈغاسکر کے شہری شامل ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان غیر ملکی شہریوں کو پڑوسی ممالک کو اہمیت دینے والی بھارت کی پالیسی کے تحت ریسکیو کیا گیا ہے۔

Boeing 747-400 Jumbojet der Air India
ایر انڈیا کا ایک خصوصی طیارہ جاپان سے 119بھارتی اور پانچ غیر ملکی شہریوں کو لے کر نئی دہلی پہنچاتصویر: picture-alliance/imageBroker

 بھارت نے کورونا وائرس سے برسرپیکار چین کی عوام کی مدد کے لیے 15 ٹن طبی اور امدادی سامان کے ساتھ بھارتی فضائیہ کا مال بردار طیارہ گلوب ماسٹر سی -17 بدھ کو ووہان بھیجا تھا۔ یہی طیارہ آج 112 مسافروں کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر واپس لوٹا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 فروری کو چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھ کر کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چینی ضرورت کے مطابق بھارت سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی تھی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر یہ امداد چین کے لوگوں کے لیے بھارتی عوام کی طرف سے دوستی اور یکجہتی کی علامت ہے۔

چین میں پھنسے بھارتی شہریوں کو نکالنے کے لیے نئی دہلی حکومت کی یہ تیسری پرواز واپس آئی ہے۔ اس سے پہلے دو پروازیں 31 جنوری اور یکم فروری کو 723 بھارتی شہریوں اور 43 غیر ملکی شہریوں کو ووہان سے لائیں تھیں۔