1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل: ٹکٹ کے لیے کروڑوں بیتاب

24 فروری 2011

کرکٹ کے شوقین کروڑوں آن لائن صارفین نے ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کی جستجو میں ٹکٹیں تقسیم کرنے کے غرض سے قائم کی گئی ویب سائٹ ہی کو کریش کر ڈالا ہے۔

https://p.dw.com/p/10OaO
تصویر: bdnews24.com

بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت میں جاری اس عالمی مقابلے کے منتظمین آن لائن ٹکٹیں فروخت کرنے کے منصوبے کو ترک کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کو ویب سائٹ لا نچ کی گئی تھی۔ دو دن کے اندر ہی اس ویب سائٹ پر صارفین کی تعداد اس قدر زیادہ ہو گئی کہ ویب سائٹ کریش ہوگئی۔ اس ویب سائٹ کا انتظام دیکھنے والی کمپنی KyaZoonga کے مطابق کسی کو بھی اتنی بڑی تعداد میں صارفین کی آمد کی امید نہیں تھی۔

KyaZoonga کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر نیتو بھاٹیہ کے بقول ٹکٹیں محدود ہیں جبکہ ویب سائٹ پر آنے والے وزیٹرز کی تعداد لامحدود۔ خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا، ’’آپ کو ایک اندازہ دینے کے لیے میں بتاتا ہوں کہ فیس بک کی ویب سائٹ پر روزانہ لگ بھگ 14 ملین وزیٹرز آتے ہیں جبکہ ہماری ویب سائٹ پر محض ابتدائی دو گھنٹے کے دوران 10 ملین وزیٹرز آئے اور یہ تعداد بڑھتی گئی۔‘‘

Cricket Begeisterung in Bangladesch Flash-Galerie
بنگلہ دیش میں کرکٹ کے شوقین دیواروں پر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام لکھتے ہوئےتصویر: bdnews24.com

بھاٹیہ کے بقول انہیں وزیٹرز کی تعداد میں اضافے کی امید تھی مگر اتنی نہیں۔

ورلڈ کپ کا فائنل 2 اپریل کو ممبئی کے میں کھیلا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں 33 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جن میں سے محض چار ہزار نشتیں عوام کے لیے ہیں۔ بقیہ نشتیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور ممبئی کرکٹ کونسل سے وابستہ کلبز میں تقسیم کی گئی ہیں۔ آن لائن فروخت کا نظام ترک کیے جانے کے بعد اب بیلٹنگ کا نظام متعارف کروایا جارہا ہے۔

ورلڈ کپ کے سلسلے میں جمعرات 24 فروری کو جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ شیڈیول ہے۔ یہ مقابلہ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ کے میدان پر مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے جبکہ عالمی وقت کے مطابق صبح نو بجے کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ ہفتہ 26 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ یہ مقابلہ کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیئم میں عالمی وقت کے مطابق صبح نو بجے کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں