1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسمس بریک کے بعد بائرن میونخ کا شاندار آغاز

20 جنوری 2013

جرمن کلب بائرن میونخ نے فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں کرسمس بریک کے بعد اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے۔ اس کا سامنا گروئتھر فیورتھ سے تھا، جسے بائرن نے صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔

https://p.dw.com/p/17NgB
تصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ میں جیت سے بائرن نے بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی مستحکم پوزیشن کو برقرار رکھا۔ کرسمس سے قبل رواں سیزن کا وقفہ شروع ہوا تو یہ ٹیم 42 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھی۔ دوسرے نمبر کی ٹیم بائر لیور کوزن 33 پوائنٹس کے ساتھ اس سے کافی پیچھے تھی۔

TSG 1899 Hoffenheim - VfL Borussia Moenchengladbach
ہوفن ہائیم اور مؤنشن گلاڈ باخ کا مقابلہ برابر رہاتصویر: Bongarts/Getty Images

ہفتے کے دیگر مقابلوں میں لیور کوزن نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ وولفس برگ نے اشٹٹ گارٹ کو دو صفر سے مات دی۔ ڈورٹمنڈ نے بریمن کو پانچ صفر سے پچھاڑا۔

ہوفن ہائیم اور مؤنشن گلاڈ باخ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ مائنز اور فرائی برگ کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ اس میچ میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر پائی۔

بنڈس لیگا کا اٹھارہواں میچ ڈے جمعے سے شروع ہوا۔ پہلے روز کا واحد میچ شالکے اور ہینوور کے درمیان ہوا، جو شالکے نے چارکے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

اتوار کو اس میچ ڈے کے دو آخری میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ نیوریمبرگ اور ہیمبرگ کے درمیان ہوگا۔ دوسرے میچ میں ڈسلڈورف کا سامنا آؤگسبرگ سے ہو گا۔

Fußball Bundesliga Mario Götze Werder Bremen - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ نے بریمن کو مات دیتصویر: dapd

پوائنٹس ٹیبل

رواں میچ ڈے کے اس مرحلے تک ٹیموں کی پوزیشنوں میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔ تاہم دو ٹیموں نے میچ جیت کر اپنی پوزیشنیں بہتر بنائی ہیں، جن میں شالکے اور وولفس برگ شامل ہیں۔ وولفس برگ کی ٹیم اس ہفتے کی جیت کی بدولت تیرہویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں ڈسلڈورف اور نیوریمبرگ کی ٹیمیں بالترتیب چودھویں اور پندرھویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔

اس طرح شالکے جمعے کے میچ میں جیت کے ذریعے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی، جس کی وجہ سے فرائی برگ اور مائنز کی ٹیمیں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبروں پر آ گئیں۔ ہفتے کو ان دونوں میں کسی ایک ٹیم کے پاس موقع تھا کہ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر شالکے کو مات دے دے۔ تاہم ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ بے نتیجہ رہنے کی وجہ سے شالکے کو پانچویں پوزیشن بدستور حاصل ہے۔

اس وقت بائرن میونخ 45 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ بائر لیورکوزن 36 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تینتیس پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شامل شمس