1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی، چوہدری اسلم قاتلانہ حملے میں ہلاک

عاطف بلوچ9 جنوری 2014

جمعرات کے دن کراچی ہوئے ایک خود کش حملے میں سی آئی ڈی کے ایس پی چوہدری اسلم ہلاک ہو گئے ہیں۔ وہ جنگجوؤں کے خلاف کی جانے والی بے خوف کارروائیوں کے حوالے سے مشہور تھے۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1AnvN
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کراچی سے موصولہ رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ کراچی کے مشرقی علاقے میں ایک ہائی وے پر چوہدری محمد اسلم کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں ان کا محافظ اور ڈرائیور بھی مارا گیا ہے۔ نڈر پولیس افسر کے طور پر مشہور چوہدری اسلم پر ماضی میں بھی متعدد بار ایسے قاتلانہ حملے کیے گئے تھے تاہم وہ ہر بار محفوظ رہے۔

سی آئی ڈی کے ایک اعلیٰ اہلکار اقبال محمود نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک خودکش بمبار نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ جمعرات کی شام عیسیٰ نگر کے علاقے میں کیا گیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملوں سے دہشت گردی کے خلاف جاری حکومتی جنگ متزلزل نہیں ہو گی۔ انہوں نے چوہدری اسلم کو ایک ایسا بہادر افسر قرار دیا ہے، جس نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی ہے۔

Aslam Chaudhry
’میں اپنی جان دے دوں گا لیکن دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکوں گا۔‘ چوہدری اسلمتصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان طالبان نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک نامعلوم مقام سے ٹیلی فون کرتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا، ’’جی ہاں، ہم نے چوہدری اسلم کو ہلاک کیا ہے۔ ہم اس ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔‘‘ احسان کے بقول ان کے ساتھیوں نے چوہدری اسلم پر پہلے بھی حملے کیے تھے لیکن وہ ناکام ہو گئے تھے، ’’انہوں نے ہمارے ساتھی مجاہدین کو مارا، تشدد کا نشانہ بنایا اور زخمی کیا تھا۔ آخر کار ہم نے انہیں ان کے انجام تک پہنچا دیا ہے۔‘‘

طالبان نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں جو کوئی بھی ان کے خلاف ایسی کارروائیاں کرے گا، اس کا یہی انجام ہو گا، ’’ہم ایسے دیگر پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ جو ہمارے مجاہدین کے خلاف تشدد کریں گے یا سفاکانہ رویہ اختیار کریں گے، ان کا حال بھی یہی ہو گا۔‘‘

چوہدری اسلم نے ماضی میں ایک قاتلانہ حملے میں بچ جانے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا تھا، ’’میں اپنی جان دے دوں گا لیکن دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکوں گا۔‘‘ جمعرات کی صبح ہی چوہدری اسلم نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی شہر میں ایک جھڑپ کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے تین مشتبہ ارکان ہلاک کر دیے گئے تھے۔