کراچی پولیس پر حملہ ساتھیوں کا بدلہ ہے، پاکستانی طالبان
13 فروری 2014حملے کا شکار ہونے والی بس میں سوار اہلکار بلاول ہاؤس اور سرکاری عمارات پر حفاظتی ڈیوٹیوں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ کراچی کے علاقے رزاق آباد میں قائم پولیس ٹریننگ سنٹر سے 70 پولیس اہلکاروں کو لے کر جیسے ہی بس سڑک پر آئی وہاں پہلے سے کھڑی گاڑی میں زودار دھماکا ہو گیا۔ یہ دہشت گردانہ حملہ گزشتہ برس ستمبر میں شروع ہونے والے کراچی آپریشن کے دوران سب سے شدید حملہ ہے۔ جس کے بعد پانچ ماہ کے دوران دہشت گردی کا شکار ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔
پولیس افسران اور صوبائی حکومت کے وزراء اور وزیر اعلٰی سندھ نے اس دہشت گردانہ حملے کو کراچی آپریشن کا ردعمل قرار دیا ہے۔
آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل ہونے والی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ صبح سات بجکر سات منٹ پر ایک شخص نے سڑک کنارے سفید رنگ کی ہائی روف کھڑی کی اور وہاں سے چلا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سات بجکر چالیس منٹ پر ہونے والا یہ دھماکہ ریمونٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔
کالعدم تحریک طالبان نے کراچی میں پولیس بس پر ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی پولیس سے اپنے ساتھیوں کا بدلہ لیا ہے۔
وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے جناح ہسپتال میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کے دوران اس حملے کو ٹارگیٹڈ آپریشن کا ردعمل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے باوجود پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کی خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے حکومت کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے حملے میں جاں بحق اہلکاروں کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کے لیے دو لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔
ایم کیو ایم کے چار رکنی وفد نے بھی زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے حکومت سندھ کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس کے متعلق پالیسی پر نظرثانی کریں۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی پر قائم ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس مسئلہ کے حل کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن کر کے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مسلسل حملوں کا بالواسطہ یا بلاواسطہ تعلق کراچی آپریشن سے ضرور ہے۔ کیونکہ ماضی میں جب اس طرح کے آپریشن ہوئے، پولیس کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔