1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں 43 پولنگ اسٹینشوں پر ووٹنگ مکمل

19 مئی 2013

پاکستان کے شہر کراچی کے تینتالیس پولنگ اسٹیشنوں پر عام انتخابات کے لیے ووٹ اتوار کو ڈالے گئے۔ دھاندلیوں کے الزامات پر ان پولنگ اسٹیشنوں پر نئے سرے سے ووٹنگ کروائی گئی۔

https://p.dw.com/p/18ae0
تصویر: FAROOQ NAEEM/AFP/Getty Images

یہ ووٹنگ کراچی کے حلقہ NA-250 کے پولنگ اسٹیشنوں میں ہوئی، جہاں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 86 ہزار ہے۔ ان میں سے زیادہ تر پولنگ اسٹیشن شہر کے پوش علاقے میں تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ پولنگ اسٹیشنوں پر فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کی نگرانی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے تھے۔

اس حلقے سے قومی اسمبلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عارف علوی نے انتخابات کے انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا: ’’میں سکیورٹی انتظامات سے کافی مطمئن ہوں۔ سکیورٹی فورسز پولنگ اسٹیشنوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہیں اور لوگ بلاخوف ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔‘‘

ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑی ایک خاتون عافیہ اسلم نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہم اپنے ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں، ایک حقیقی تبدیلی کیونکہ ہم موجودہ سیاسی نظام سے تنگ آ چکے ہیں جو مایوس کُن ہے۔‘‘

Pakistan Soldaten Armee Wahlen
سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اتوار کے اس انتخابی مرحلے کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔ ان دونوں جماعتوں نے مخصوص پولنگ اسٹیشنوں کے بجائے اس پورے حلقے میں دوبارہ ووٹنگ کروانے کی درخواست کی تھی، جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔

کراچی میں یہ ووٹنگ صوبہ سندھ میں پی ٹی آئی کے شعبہ خواتین کی نائب صدر زہرا حیسن کے قتل کے ایک روز بعد منعقد ہوئی۔ انسٹھ سالہ زہرا حسین کو ہفتے کو موٹر سائیکل سوار تین حملہ آوروں نے کراچی میں ان کے گھر کے باہر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق کرکٹر عمران خان نے ان کے قتل کے لیے ایم کیو ایم بالخصوص اس جماعت کے سربراہ الطاف حسین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جو لندن میں رہائش پذیر ہیں۔

پاکستان میں 11 مئی کے تاریخی انتخابات میں انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات کے حوالے سے کراچی توجہ کا مرکز رہاہے۔ ان انتخابات میں تقریباﹰ 50 ملین شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا اور ان کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف فاتح بن کر ابھرے ہیں۔ تقریباﹰ 14 برس قبل فوج نے انہیں اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔

ng/zb (AFP)