کراچی میں چوتھا سالانہ بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیول
کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا)کے زیر اہتمام ’آئی ایم کراچی‘ کے اشتراک سے چوتھا بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیول جاری ہے۔
کئی زبانوں میں ڈرامے
اسٹیج ڈراموں کے اس فیسٹیول میں صرف اردو ہی نہیں بلکہ انگریزی، پنجابی، راجستھانی، گجراتی اور ہندی زبان میں بھی ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں۔
کالم نگار شہنشاہ کے روپ میں
فیسٹیول کا افتتاح ناپا کے گریجویٹ طلبہ کی شاندار پرفارمنس سے ہوا۔ اس ڈرامے میں ناپا کے موجودہ اور سابق طلبہ کے علاوہ سینیئر فنکار اور کالم نگار وسعت اللہ خان نے بھی پرفارم کیا۔
اواخر مارچ تک ڈرامے ہی ڈرامے
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں یہ انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول بارہ مارچ کو شروع ہوا تھا اور اکتیس مارچ تک جاری رہے گا۔
گریگوری تھامپسن کا ’کانسٹی لیشنز‘
فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز انگلینڈ سے آئے ہوئے گریگوری تھامپسن تھیٹر گروپ کے ’کانسٹی لیشنز‘ نامی کھیل سے کیا گیا۔
دنیا بھر کے تھیٹر فنکار کراچی میں
اس بین الاقوامی تھیٹر میلے میں پاکستان کے علاوہ بھارت، جرمنی، برطانیہ اور امریکا کے تھیٹر گروپس بھی اپنے ڈرامے پیش کر رہے ہیں۔
ناپا کے طلباء کی شاندار پرفارمنس
اس میلے میں پاکستان کی نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے فنکاروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے آئے ہوئے اسٹیج فنکاروں اور گروپوں کو بھی اپنے اپنے فن کے مظاہرے کا موقع مل رہا ہے۔
ہر دوسرے روز ایک نئی پیشکش
فیسٹیول میں مجموعی طور پر 10 اسٹیج ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں۔ ہر تھیٹر گروپ کی جانب سے ایک کھیل دو دن پیش کیا جا رہا ہے۔
شو اور اُن کے ٹکٹ
فیسٹیول میں ایک شو کے ٹکٹ کی قیمت 400 روپے جبکہ طالبعلموں کے لیے یہی ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہے تاہم مہیش بھٹ کی پروڈکشن ’ڈیڈی‘ کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسٹیج ڈراموں میں بین الاقوامی اشتراک
اس برس ناپا کی جانب سے عالمی تھیٹر گروپس کے باہمی اشتراک سے ڈرامے پیش کرنے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جرمنی سے آئے گروپ ’بری جل گوجکا‘ کے ساتھ ناپا کے طالبعلموں نے پہلی پرفارمنس پیش کی۔
موسیقی بھی، رقص بھی
جرمنی کے اس تھیٹر گروپ نے ’امونگ فوگ‘ کے نام سے موسیقی اور رقص پر مشتمل کھیل پیش کیا، جسے بے حد سراہا گیا۔
بھارتی ڈرامے کا انتظار
بھارتی تھیٹر گروپ بعض مسائل کے باعث مقررہ وقت پر پاکستان نہیں پہنچ پایا اور طے شدہ تاریخوں پر ان کا ڈرامہ پیش نہ ہو سکا۔ تاہم آنے والے دنوں میں ان کی پرفارمنس کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ ناپا کے ڈائریکٹر پروگرام ارشد محمود کے مطابق رواں برس 30 اور31 مارچ کو بالی وُڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی فلم ”ڈیڈی“ پر ترتیب دیا گیا ڈرامہ اس فیسٹول میں خصوصی رنگ بھر دے گا۔
شائقین کی طرف سے زبردست پذیرائی
اب تک ناپا کے طالبعلوں کی جانب سے پیش کی گئی رنگا رنگ پرفارمنس کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔ تھیٹر فیسٹیول کو عوام کو واپس تھیٹر کی جانب متوجہ کرنے کے سلسلے میں بہترین کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔