کراچی میں ’فیشن ویک پاکستان‘ کی رونقیں
’فیشن ویک پاکستان‘ کے نام سے چار روزہ فیشن ایونٹ پاکستان کی معاشی شہ رگ کہلانے والے شہر کراچی میں اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے۔ اس میلے میں پاکستان کے چوٹی کے ڈیزائنرز اپنی اپنی کلیکشنز کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔
چار روز میں 30 ڈیزائنرز کے کام کی نمائش
یکم سے چار اپریل تک جاری رہنے والے فیشن ویک پاکستان میں تقریباً 30 ڈیزائنرز اپنے تخلیق کردہ ملبوسات اور فیشن مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔
فیشن شوز میں شوبز اسٹارز کے جلوے
فیشن شوز میں پاکستانی فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہی شریک نہیں بلکہ شو بزنس کی دنیا کے کئی نامور چہروں کی شرکت بھی اس ایونٹ کو چار چاند لگا رہی ہے۔
فیشن ویک ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں اہم
فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیت، اسٹائلسٹ اور کوریوگرافر فریحہ الطاف نے فیشن ویک پاکستان کو ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں اہم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ملک کی فیشن انڈسڑی بین الاقوامی سطح پر بھی اپنا لوہا منوائے گی۔
فیشن کے طلبہ کے لیے بھی مواقع
پہلے روز فیشن اسکول کے طالب علموں کی جانب سے چار کلیکشنز پیش کیے گئے۔ ان میں تھری ڈی پرنٹس کے علاوہ پلاسٹک میٹیریل سے بنے ہوئے اور منی فراکس کی طرز پر تیار کردہ ملبوسات بھی شامل تھے۔
فرنچ آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن
فرنچ آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کے عنوان سے بنائے گئے ان ملبوسات میں ہلکے رنگوں اور لینڈ اسکیپ پرنٹ کے استعمال نے کلیکشن میں جان ڈال دی۔ فیشن ویک کے پہلے روز ندا ازویر کے پیش کیے گئے ملبوسات کو بے حد پذیرائی ملی۔
وسیم اکرم کی کیٹ واک
فیشن شو کے تیسرے روز سب سے خاص بات معرف سابق کرکٹر وسیم اکرم کا ریمپ پر levis کے لیے کیٹ واک کرنا تھا۔ وہ صحیح معنوں میں فیشن شو کے شو سٹار ثابت ہوئے۔
وسیم اکرم کا خاندان حاضرین میں شامل
حاضرین میں ان کی آسٹریلین نژاد اہلیہ اور وسیم اکرم کے دونوں جوان بچے بھی موجود تھے، جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈیزائنر
بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی ڈیزائنر حسن شہریار بھی اپنی کلیکشن کے ساتھ فیشن شو کے تیسرے روز کی سب سے بڑی کشش تھے۔
نئے ڈیزائنرز کے لیے پلیٹ فارم
ملک کے نامور فیشن ڈیزائنرز اور معروف برانڈز کے علاوہ نئے ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کو بھی اپنی کلیکشنز پیش کرنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔
مشرق اور مغرب کا ملاپ
فیشن شو میں مشرقی پیٹرن اور مغربی تراش خراش کے خوبصورت ڈیزائنوں کے امتزاج کا غلبہ نظر آیا، جسے بین الاقوامی خریداروں کو متوجہ کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
شوخ رنگ اور ڈیزائن
باڈی فوکس میوزیم برانڈ کی جانب سے ڈیزائنر ایمان علی نے اپنی کلیکشن پیش کی۔ کھلتے اور شوخ رنگ اور اچھوتا ڈیزائن ایمان علی کی کلیکشن کی اہم خصوصیت تھے۔
جدید تراش خراش اور اچھوتا انداز
نئے نوجوان ڈیزائنرز کی جانب سے پیش کیے گئے ملبوسات کو اپنی جدید تراش خراش اور اچھوتے انداز کے باعث بہت پسند کیا گیا۔