1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں فٹ بال میچ کے بعد دھماکا، 11 افراد ہلاک

ندیم گِل7 اگست 2013

پاکستان کے شہر کراچی میں فٹ بال کے ایک میدان کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا بدھ کو علی الصبح ہوا۔

https://p.dw.com/p/19L9P
تصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی رکن پارلیمنٹ ثانیہ ناز نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ بتائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی عمریں چھ سال سے پندرہ برس کے درمیان ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بھی گیارہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 24 افراد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق بم ایک موٹر سائیکل میں لگایا گیا تھا جو میدان کے باہر کھڑی تھی۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سینئر پولیس اہلکار رزاق دھاریجو کا کہنا ہے کہ دھماکا صوبائی وزیر جاوید ناگوری کی گاڑی کے قریب ہوا، جو لیاری میں مقامی ٹیموں کے درمیان نائٹ میچ دیکھنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔
جاوید ناگوری محفوظ رہے ہیں۔ مرنے والوں میں تماشائی اور علاقے کے رہائشی شامل ہیں۔ دھاریجو نے بتایا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔
ایک پولیس اہلکار محمد جاوید نے قبل ازیں بتایا کہ زخمیوں کی تعداد 20 سے زائد ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس ہی کے حوالے سے زخمیوں کی تعداد 26 بتائی تھی۔
خیال رہے کہ لیاری میں فٹ بال انتہائی مقبول کھیل ہے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
کراچی کی آبادی 18 ملین ہے اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا 42 فیصد یہیں سے حاصل ہوتا ہے۔ تاہم اغوا اور قتل کی وارداتیں اس شہر کا معمول ہیں اور یہ برسوں سے نسلی، فرقہ وارانہ اور سیاسی تشدد کی لپیٹ میں ہے۔
کراچی میں ہونے والا یہ دھماکا پاکستان میں تشدد کے حالیہ سلسلے کا تازہ واقعہ ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ابھی منگل کو ہی صوبہ بلوچستان میں 13 کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔
انہیں بسوں سے اغوا کیا جو صوبہ پنجاب کی طرف سفر کر رہی تھیں۔ بعدازاں ان کی لاشیں بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ملیں۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی کسی نے قبول نہیں کی۔

Pakistan Karatschi Stadt Polizei
کراچی عرصے سے بدامنی کی لپیٹ میں ہےتصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images