1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوریان نے مشرقی کینیڈا کو اندھیرے میں ڈبو دیا

8 ستمبر 2019

شدت میں کمی مگر اب بھی طاقتور: سمندری طوفان 'ڈوریان‘ کینیڈا کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ہے۔  ڈوریان کی وجہ سے ان علاقوں کے تقریباً ساڑھے چار لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3PF4i
Kanada Nova Scotia Hurrikan Dorian
تصویر: Reuters/J. Morris

کینیڈا کے مشرقی ساحلی علاقے میں واقع اکثر گھروں میں ہفتے کی شب اندھیرا تھا۔ اس کی وجہ سمندری طوفان ڈوریان تھا، جس کے ساتھ ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے صوبہ نووا سکوشیا کے نظام زندگی کو درہم برہم کیا۔ علاقوں میں سیلاب کی صورتحال تھی۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت اور کھمبے اکھڑ چکے تھے۔

نووا سکوشیا میں توانائی فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق ڈوریان نے خطے میں بجلی کی ترسیل کو شدید متاثر کیا ہے اور تقریباً ساڑھے چار لاکھ گھر اس کی لپیٹ میں آئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ہوا کی شدت کم ہونے کے بعد ہی مرمت شروع کی جا سکے گی اور اس مقصد کے لیے اضافی ٹیمیں تیار بیٹھی ہیں۔

Kanada Nova Scotia Hurrikan Dorian
تصویر: picture-alliance/The Canadian Press/A. Vaughan

نووا سکوشیا پاور کمپنی کی جانب سے ٹویٹر پر جڑوں سے اکھٹرے ہوئے درختوں اور بجلی کے گرے ہوئے کھمبوں کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب یہ سمندری طوفان شمال مشرق کی جانب سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اسی وجہ سے نیو فاؤنڈ لینڈ اور لیبراڈور کے ساحلی علاقوں میں پہلے ہی ممکنہ طور پر بجلی کی فراہمی منقطع ہونے اور طوفانی لہروں کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔  

ڈوریان کو گزشتہ دنوں درجہ پانچ کی شدت کا سمندری طوفان قرار دیا گیا تھا اور یہ اسی طاقت کےساتھ کیریبیئن جزیرے بہاماس سے ٹکرایا تھا۔ اس کے نتیجے میں سیاحت کے لیے مقبول اس جزیرے پر کم از کم 43 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے تھے۔ امریکی حکام کے مطابق کیوبا اور فلوریڈا کے مابین واقع اس جزیرے پر ستر ہزار افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔