1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوریان بپھرتا جا رہا ہے

1 ستمبر 2019

سمندری طوفان ڈوریان کی قوت بڑھ چکی ہے اور وہ انتہائی خطرناک طوفان کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ یہ طوفان پیر یا منگل کو امریکی ریاست فلوریڈا کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے والا ہے۔

https://p.dw.com/p/3OpIX
Hurrikan Irma
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Goldman

ڈوریان کے سمندری طوفانوں کی خطرناک ترین کیٹگری میں داخل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ اس وقت ڈوریان کے ساتھ چلنے والے جھکڑوں کی رفتار کیٹگری پانچ کے جھکڑوں کی رفتار یعنی ڈھائی سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے معمولی سی کم ہے۔

کیٹگری چار کا خطرناک طوفان ڈوریان اتوار یکم ستمبر کی علی الصبح شمالی باہاماس سے ٹکراتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ سمندری طوفانوں پر نگاہ رکھنے والے امریکی ادارے نے بتایا کہ اس طوفان کے ساتھ  چلنے والے زوردار جھکڑوں کی رفتار 240 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

Satellitenbild Hurrikan Dorian
ڈوریان طوفان کے ساتھ  چلنے والے زوردار جھکڑوں کی رفتار 240 کلومیٹر فی گھنٹہ ہےتصویر: picture-alliance/NOAA

 کیریبئین جزیرے بہاماز سے ٹکرانے کے بعد ڈوریان کے مرکزے کا رخ شمال مشرق کی جانب مڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ باہاماس میں کے شمالی حصوں میں ڈوریان سے ہونے والے نقصان کا سردست اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ وہاں ابھی بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی باہاماس کے وہ ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں جنہیں اگلے ایک دن تک شدید موسلا دھار بارش اور زوردار جھکڑوں کا سامنا ہے۔

 دوسری جانب امریکی ریاست فلوریڈا خاص طور پر اس خطرناک طوفان کے راستے پر ہے۔ آج اتوار سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے رہائشیوں کی محفوظ مقام پر لازمی منتقلی شروع کی جائے گی۔ سمندری طوفان ڈوریان امکاناً پیر کی شام یا منگل کی علی الصبح امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر نے اپنی ریاست کی ساحلی پٹی کے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر رکھا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ڈوریان طوفان سے صرف امریکی ریاست فلوریڈا متاثر نہیں ہو گی بلکہ جورجیا، شمالی و جنوبی کیرولینا تک کے علاقوں میں چار فٹ تک ہونے والی طوفانی بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

ع ح، ع ا ⁄  اے پی، نیوز ایجنسیاں