1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین امریکہ باہمی تجارت سے متعلق اجلاس ختم

30 اکتوبر 2009

چین اور امریکہ کے درمیان دو روزہ تجارتی اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ یہ اجلاس چینی شہر ہانگ ژو میں منعقد ہوا، جو اچھے کلمات لیکن بغیر کسی بڑی پیش رفت کے اختتام کو پہنچا۔

https://p.dw.com/p/KIx0
امریکہ چین کے درمیان اپریل میں ہونے والے اجلاس کا منظرتصویر: AP

امریکی وزیر تجارت گیری لاک نے چین امریکہ مشترکہ تجارتی کمیشن کے تازہ راؤنڈ کو تعمیری قرار دیا ہے۔ اِس بات چیت کے عمل میں کئی معاملات پر فریقین نے اپنے اپنے خدشات کے تناظر میں جہاں تجویز پیش کرنے کی کوشش کی، وہیں حل طلب معاملات پر کچھ پیش رفت کے آثار کا عندیہ بھی دیا گیا۔

بات چیت میں توانائی، ادویات، زراعت اور ٹیلی مواصلات کے ساتھ ساتھ انٹلیکچوئل پراپرٹی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اِس راؤنڈ میں گیارہ مختلف سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے گئے، جن کا تعلق مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے سے ہے۔ امریکی صدر کے دورہٴ چین سے قبل شنگھائی اور بیجنگ میں بھی مشترکہ کمیشن کی نشستیں منعقد ہوں گی۔

Symbolbild Obama Spitzenmanager
امریکی صدر باراک اوباما دسمبر میں چین کا دورہ کریں گےتصویر: AP

تجارتی بات چیت کے دوران امریکہ نے چین سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ پورک کی مصنوعات پر پابندیاں ختم کرے۔ چینی وزیر زراعت نے اِس حوالے سے پابندی ختم کرنے کی حامی ضرور بھری لیکن کوئی حتمی تاریخ دینے کا اعلان نہیں کیا۔ سن 2003ء سے چین نے امریکی گائے کے گوشت کی اپنے ملک میں برآمد پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

امریکہ نے چینی پولٹری کی تجارت میں کچھ آسانیاں پیدا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ چین اور امریکہ آئندہ ماہ کے وسط میں امریکی صدر باراک اوباما کے دورہٴ چین سے قبل کئی معاملات میں پیش رفت کے متمنی ہیں تا کہ امریکی صدر کی موجودگی میں اِس ضمن میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا جا سکے۔

امریکہ چین تجارتی بات چیت کے حوالے سے چیک جمہوریہ کے دارالحکومت براگ کی چارلس یونیورسٹی میں امریکہ چین تعلقات کی پرفیسر ژانا سہنالکووا کا کہنا ہے۔ 'تازہ تجارتی تنازعات خاصے اہم ہیں، امریکہ اور چین کے درمیان ٹریڈ کے حوالے سے حالیہ دنوں میں کئی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ فریقین بظاہر اِن کو بڑھانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے البتہ چین کا کہنا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں عالمی ادارہٴ تجارت کے اختلافات حل کرنے کے طریقہٴ کار کو اپنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دونوں ملک اختلافات کو حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔'

دوسری جانب یورپی ملکوں جرمنی اور فرانس کی طرح امریکی اقتصادیات میں بھی بہتری کے آثار کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی قومی ادارہ برائے اقتصادی تحقیق کے مطابق ایک سہ ماہی میں شرح پیداوار میں بہتری کا مطلب یہ نہیں لیا جاسکتا کہ امریکی اقتصادیات اب کساد بازاری کے اندھیرے سے باہر آ گئی ہے۔ تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ شرح پیداوار کا آغاز ہی اِس بات کا عندیہ ہے کہ کوئی ملک کسادبازاری سے نکل آیا ہے۔

دو سال کے بعد جولائی، اگست اور ستمبر کی سہ ماہی میں امریکی شرح پیداوار میں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں۔ حکومتی تحریکی پیکیجوں کے ساتھ ساتھ بازاروں میں عام امریکی کچھ خریداری کی جانب بھی راغب دکھائی دیے، جس سے امریکی معاشیات میں تحریک پر حکومتی حلقوں میں اطمینان ظاہر کیا گیا ہے۔

Umsatz im Hafen von Schanghai steigt
امریکہ اور چین نے ایک دوسرے کی بعض مصنوعات کی درآمد پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیںتصویر: dpa

امریکی اقتصادیات میں پیدا ہونے والی تحریک کے حوالے سے وزارت کامرس نے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔ مختلف شعبوں میں معاشی بہتری ضرور پیدا ہوئی ہے لیکن افراط زر کی شرح میں کمی انتہائی معمولی رہی ہے۔

اقتصادی ترقی میں جہاں بہتری کے آثار بتائے گئے ہیں وہیں ابھی بھی شرح بے روزگاری ایک سردرد کی طرح موجود ہے۔ امریکی وزارت محنت کے مطابق بے روزگاری کی شرح میں انتہائی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن یہ اتنی حوصلہ افزاء نہیں کہ عام کی جائے۔

امریکی صدر اوباما نے تازہ اعداد و شمار پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اقتصادیات کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کا سفر طویل ہے۔ اِن اعداد وشمار کے تناظر میں امریکی مالی منڈیوں میں حصص کی قیمتوں میں خاصی تیزی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ داروں کے اعتماد میں اضافہ پیدا ہونے کا امکان ہے۔

سرمایہ دار ابھی بھی پوری طرح اعتماد میں نہیں کیونکہ ابھی بدھ کو امریکی مالی منڈیوں میں اِس ماہ کی سب سے بڑی مندی دیکھی گئی تھی۔ امریکہ کے اندر معاشی اعتبار سے اچھی خبریں ضرور سننے کو مل رہی ہیں لیکن عالمی سطح پرامریکی کرنسی ڈالر کو عدم استحکام کا سامنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر آج کل استحکام حاصل کرنے کے بعد مزید بہتر ہوئی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل