1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی: سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت مد مقابل

عابد حسین12 دسمبر 2014

بھارتی شہر بھُیبنیشوَر میں کھیلے جانے والے ہاکی ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل میچ ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1E3Et
تصویر: AP

چیمپیئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ میں ایک نیا ضابطہ متعارف کروایا گیا اور یہ قدرے متنازعہ ہو گیا ہے۔ اِس نئے قانون کے تحت ابتدائی لیول کی تکمیل کے بعد تمام ٹیموں کو ایک ساتھ کوارٹر فائنل میں رکھا جائے گا۔ گروپ لیول پر بہتر پرفارمنس کی حامل چار ٹیمیں کوارٹر فائنل میں شکست کھا گئیں۔ گروپ اے میں بغیر کسی پوائنٹ کے پاکستان سب سے نچلے مقام پر تھا اور گروپ بی میں بھارت تین پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر تھا۔ یہ دونوں ٹیمیں اب سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہونے والی آٹھ میں سے چار ٹییموں میں بیلجیئم، ہالینڈ، انگلینڈ اور ارجنٹائن ہیں۔ سیمی فائنل کے مرحلے میں داخل ہونے والی بقیہ دو ٹیمیں جرمنی اور آسٹریلیا کی ہیں۔ گروپ بی میں سب سے نچلی پوزیشن جرمنی کے پاس تھی۔

کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے یورپ کی مضبوط ٹیم ہالینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ عالمی رینکنگ میں پاکستان کی گیارہویں پوزیشن ہے۔ ہالینڈ کے خلاف چار گول کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد عُمر بھٹہ، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔ محمد عرفان نے دو گول کیے۔ ہالینڈ کی جانب سے ایک ایک گول ژُونکر اور ژیرون ہیرٹس بیرگر نے کیے۔ بھارتی ٹیم نے بھی اپنی مخالف ٹیم بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔

Flash-Galerie Sport Jahresrückblick 2010
پاکستان اور بھارت ہاکی کھیل میں روایتی حریف تصور ہوتے ہیںتصویر: AP

جرمن ٹیم کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست کا سامنا رہا۔ انگلش ٹیم کوئی گول نہ کر سکی جبکہ جرمن ٹیم نے دو گول کیے۔ جرمن ٹیم کے کپتان مورٹس فُورسٹے اور رُوہر نے ایک ایک گول کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ جرمن ٹیم تبدیلیوں کے عمل سے گزر رہی ہے۔ موجودہ ٹیم کئی نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ موجودہ ٹیم میں جونیئر ٹیم کے سات کھلاڑی شامل ہیں۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے جونیئر ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔ جرمن ٹیم کا زیادہ انحصار کپتان مورِٹس فُورسٹے پر ہے۔ فُورسٹے کو سن 2012 میں ہاکی کا عالمی سطح پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

چوتھا کوارٹر فائنل آسٹریلیا اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل ہوئی۔ جرمن ٹیم کی طرح آسٹریلوی ٹیم بھی تشکیل نو کے مرحلے میں ہے۔ حال ہی میں آسٹریلوی ٹیم کے دو عالمی شہرت کھلاڑیوں لائم ڈی ینگ اور راب ہیمنڈ نے ریٹائر منٹ لے لی ہے۔ ان کے علاوہ دو دوسرے کھلاڑی جِمی ڈوائر اور مارک نولز زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں۔ آسٹریلیا پانچ مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آسٹریلوی ٹیم اب فیورٹ ہے۔