1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ: کل ہفتہ کے روز میونخ میں

18 مئی 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ، جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ اور برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کے درمیان کل ہفتے کے روز جرمن شہر میونخ کے فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/14xEM
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کو کل ہفتے کے روز اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہزاروں جرمن شائقین کے سامنے خاصی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان دنوں بائرن میونخ کلب کی پرفارمنس کا گراف قدرے گرتا دکھائی دے رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کی رات جرمنی کے دوسرے اہم ٹورنامنٹ جرمن کپ کے فائنل میچ میں شکست اس گرتے گراف کی بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ جرمن قومی فٹ بال لیگ کی فاتح ٹیم ڈورٹمنڈ نے جرمن کپ کے فائنل میں بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا تھا۔

---
بائرن میونخ اور چیلسی کے لوگو

اس شکست کے بعد اب ٹیم کی انتظامیہ، کوچ اور قدر دان اس کلب کی ہمت افزائی میں مصروف ہیں تاکہ اس کا مورال اور اسپرٹ بلند ہو سکے اور فائنل میں وہ برطانوی کلب کا بھرپور مقابلہ کر سکے۔ بائرن میونخ کے فرانس سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی فرینک ریبیری (Franck Ribery) کا کہنا ہے کہ ٹیم اپنے بکھرے حوصلے کو جمع کر کے چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ کے لیے میدان میں اترے گی۔ ریبیری کا مزید کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی تمام توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے فائنل میچ کھیلیں گے۔ بائرن میونخ کے فارورڈ ریبیری نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم میونخ کے فٹ بال اسٹیڈیم میں فتح کے یقین کے ساتھ اترے گی۔

چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ کوئی ٹیم فائنل میچ اپنے ہوم گراؤنڈ اور اپنے وطن میں کھیل رہی ہے۔ اس ہوم گراؤنڈ کا یقینی فائدہ بائرن میونخ کو پہنچ سکتا ہے اور اس حقیقت سے برطانیہ کے مشہور فٹ بال کلب چیلسی (Chelsea) کے کھلاڑی بھی آگاہ ہیں۔ اگر ہفتے کے روز بائرن میونخ کی ٹیم میونخ کے فٹ بال اسٹیڈیم میں میچ ہار جاتی ہے تو اس ختم ہونے والے سیزن میں وہ ایک بار پھر بغیر کسی ٹرافی کے رہے گی۔ اس طرح بائرن میونخ کے لیے یہ مسلسل دوسرا سال ہو گا جس میں وہ کوئی ٹرافی نہ جیت سکی۔

München vor dem Champions League Finale 2012
میونخ کا فٹ بال اسٹیڈیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ کا میزبان ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اگر چیمپئنز لیگ کا فائنل بائرن میونخ جیت جاتی ہے تو وہ پانچویں مرتبہ اس معتبر ٹورنامنٹ کی ٹرافی کو حاصل کرے گی۔ چیمپئيز لیگ کے موجودہ سیزن میں جرمن کلب کی پرفارمنس بہت شاندار رہی ہے۔ اس کلب نے چیمپئنز لیگ کے اب تک کھیلے گئے سابقہ پندرہ میں سے چودہ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری جانب برطانوی فٹ بال چیلسی پہلی بار چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیتنے کی کوشش میں ہے۔ چیلسی کلب کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ فائنل میچ کے لیے اس وقت اس کے چار اہم کھلاڑی دو مرتبہ زرد کارڈ حاصل کرنے پر معطلی کا سامنا کر رہے ہیں۔

برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کے کوچ اور مینیجر رابیرتو دی متتیاو (Roberto Di Matteo) کا کہنا ہے کہ انجری کے شکار دفاعی کھلاڑی ڈیوڈ لوئز (David Luiz) کے مکمل صحت یاب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ چیلسی کے مڈ فیلڈر کھلاڑی فرینک لیمپرڈ (Frank Lampard) نے جرمن کلب کے فارورڈ ماریو گومیز کو ٹیم کا اہم ترین ستون قرار دیا ہے۔ لیمپرڈ کے مطابق اگر وہ ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہے تو یہ ان کے فٹ بال کلب کی تاریخ کا اہم ترین سنگ میل ہو گا۔

ah/hk (AP)