1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کی حیران کن جیت

18 اپریل 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمن فٹ بال کلب بائرن نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو ایک گول سے شکست دے کر شائقین کو حیران کر دیا۔

https://p.dw.com/p/14fUy
ماریو گومیز گول کرنے کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن نے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں حیران کن شکست سے دوچار کر دیا۔ بائرن اور ریئل میڈرڈ کے درمیان یہ میچ جرمن شہر میونخ کے وسیع فٹ بال ایرینا میں کھیلا گیا۔ میچ کے آخری منٹ میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز نے گول کر کے ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہونے والے میچ کو نتیجہ کن بنا دیا۔

Fußball Champions League Halbfinale FC Bayern München Real Madrid
بائرن میونخ کی جانب سے فرانگ ریبیری نے پہلا گول کیاتصویر: Reuters

چیمپئنز لیگ میں منگل کی شام ہزاروں شائقین کے سامنے ماریو گومیز نے لیگ کے رواں سیزن کے میچوں میں اپنا بارہواں گول کیا۔ اس طرح اب اسی سیمی فائنل میچ کے دوسرے مرحلے کا میچ میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ اگلی منگل کو اسپین میں ہو گا۔ اس میچ میں برابری کی صورت میں بھی بائرن میونخ فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ ہسپانوی کلب کو یہ میچ یقینی طور پر بڑے فرق سے جیتنا ہو گا۔ کم از کم جیت کا مارجن ایک کے مقابلے میں تین گول کا ہونا ضروری ہے۔ فتح کے لیے دونوں مرحلوں کے مجموعی گولوں کے فرق کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔

چیمپئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افتتاحی گول جرمن کلب کے فرانسیسی نژاد کھلاڑی فرانک ریبیری (Franck Ribery) نے سترہویں منٹ میں کیا۔ اس ایک گول کی برتری کو ریئل میڈرڈ کے جرمن نژاد کھلاڑی میسوت اؤزل (Mesut Oezil) نے ترپن ویں منٹ میں برابر کر دیا۔ میچ آخری منٹ تک برابر رہا اور اس وقت فلپ لہم نے ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے ماریو گومیز کو ایک پاس دیا اور گومیز نے آتی گیند پر اپنی دائیں ٹانگ پوری قوت سے چلائی اور بال برق رفتاری کے ساتھ گول پوسٹ میں پہنچ گئی۔ رواں سیزن میں ہسپانوی کلب کی یہ پہلی شکست ہے۔

Fußball Champions League Halbfinale FC Bayern München Real Madrid
ریئل میڈرڈ کی جانب سے اکلوتا گول اؤزل نے کیاتصویر: Reuters

یہ دلچسپ امر ہے کہ بائرن میونخ نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں ریئل میڈرڈ کے خلاف سن 1976 سے کوئی میچ نہیں ہارا۔ اب تک کھیلے گئے دس میچوں میں سے نو میں کامیابی جرمن کلب کے حصے میں آئی اور باقی ایک میچ برابری پر ختم ہوا۔ اگر بائرن میونخ سیمی فائنل میچ کا دوسرا مرحلہ بھی جیت جاتی ہے تو وہ چیمپئنز لیگ کی پہلی ٹیم ہو گی جو فائنل اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گی۔ اب تک بائرن چار مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیت چکی ہے۔

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ چوبیس اور پچیس تاریخ کو مکمل ہو گا۔ لیگ کا دوسرا سیمی فائنل میچ برطانوی فٹ بال کلب چیلسی اور دفاعی چیمپئن ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کے درمیان آج بدھ کے روز ہے۔ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ انیس مئی کو میونخ میں شیڈیول کیا گیا ہے۔

ah/hk (AP, AFP)