1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپيئنز ليگ: سيمی فائنلز کا فيصلہ کن مرحلہ

23 اپریل 2012

چيمپيئنز ليگ کے سيمی فائنل مقابلوں کے دوسرے اور فيصلہ کن مرحلے ميں کل ہسپانوی ٹيم بارسلونا کا سامنا برطانوی فٹبال کلب چيلسی سے ہوگا جبکہ بدھ کے روز بائرن ميونخ اور ريئل ميڈرڈ کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/14jit
تصویر: Reuters

ہسپانوی فٹبال ليگ ميں روايتی حريف ريئل ميڈرڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے ساتھ ساتھ بارسلونا کا ملکی ليگ جيتنے کا خواب بھی چکنا چور ہوگيا۔ اب بارسلونا کی ٹيم اپنے يورپی اعزاز کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ کل کيمپ نو ميں اپنے ہوم گراؤنڈ پر ميزبان ٹيم بارسلونا کا سامنا ہوگا چيلسی سے جو کہ گزشتہ ہفتے لندن ميں کھيلے جانے والے سيمی فائنل کے پہلے میچ ميں بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں ايک گول سے شکست دے چکی ہے۔ چيمپيئنز ليگ کے فائنل تک پہنچنے کے ليے اب بارسلونا کو يہ ميچ يقينی طور پر جيتنا ہی نہيں بلکہ واضح گولز کی برتری سے بھی جيتنا ہوگا۔

دوسری جانب چیمپئنز لیگ کا دوسرا سيمی فائنل بدھ کے روز ہسپانوی شہر ميڈرڈ ميں کھيلا جائے گا، ہاں ميزبان ٹيم ريئل ميڈرڈ جرمن کلب بائرن ميونخ کو امتحان ميں ڈالنے کی پوری کوشش کرے گی۔ ليکن اگر اس کے باوجود بائرن میونخ سیمی فائنل میچ کا دوسرا مرحلہ بھی جیت جاتی ہے تو وہ چیمپئنز لیگ کی پہلی ٹیم ہو گی جو اس سال چيمپيئنز ليگ کا فائنل اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گی۔

بائرن نے گزشتہ ہفتے ریئل میڈرڈ کو ایک گول سے شکست دے کر شائقین کو حیران کر دیا تھا
بائرن نے گزشتہ ہفتے ریئل میڈرڈ کو ایک گول سے شکست دے کر شائقین کو حیران کر دیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

واضح رہے سیمی فائنل کے پہلے ليگ میں جرمن فٹ بال کلب بائرن نے بھی گزشتہ ہفتے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو ایک گول سے شکست دے کر شائقین کو حیران کر دیا تھا۔ بائرن اور ریئل میڈرڈ کے درمیان یہ میچ جرمن شہر میونخ کے وسیع فٹ بال ایرینا میں کھیلا گیا۔ میچ کے آخری منٹوں میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز نے گول کر کے تب تک ایک ایک گول سے برابر میچ کو نتیجہ کن بنا دیا۔

دونوں سيمی فائنل کی فاتح ٹيميں انيس مئی کو ميونخ ميں چيمپيئنز ليگ کے فائنل ميں مد مقابل ہوں گی۔

Asim Saleem/aba (AP/AFP)