چوتھا ایک روزہ میچ ویسٹ انڈیزکے نام
3 مئی 2011ویسٹ انڈیز کے دورے پر پہنچی پاکستانی ٹیم اس سیریز کے پہلے تین میچ جیت کر یہ سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں ٹاس ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ فیصلہ اس وقت ویسٹ انڈیز کے حق میں جاتا دکھائی دیا جب 15 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے اوپنر احمد شہزاد محض چھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں محمد حفیظ اور اسد شفیق نے پاکستانی ٹیم کو ایک مضبوط اسکور فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ پارٹنر شپ 153 رنز کی رہی۔ محمد حفیظ نے 138 گیندوں پر شاندار 121 رنز اسکور کیے۔ احمد شہزاد نے 71 جبکہ تنویر احمد نے 18 رنز بنائے۔ ان تین کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کا کوئی بیٹسمین ڈبل نمبرز تک نہ پہنچ سکا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 248 رنز بنائے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ دو مرتبہ روکا گیا، تاہم اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز کے آغاز سے قبل ہی ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس کا طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 39 اوورز میں 223 رنز کا ہدف دیا گیا۔ 30ویں اوور میں میچ ایک مرتبہ پھر بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔ اس وقت تک ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ پر 154 رنز اسکو ر کرلیے تھے اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر ایک رن کی برتری حاصل تھی۔ اس طرح یہ میچ ویسٹ انڈیز کے نام رہا۔ لینڈل سمنز 76رنز کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے نمایاں بیٹسمین رہے۔
محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پانچ مئی کو کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: ندیم گِل