1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلشمالی امریکہ

چوالیس برس بعد آسٹریلین اوپن میں مقامی خاتون کھلاڑی فاتح

29 جنوری 2022

آسٹریلین اوپن مقبول کھیل ٹینس کا رواں برس کھیلا جانے والا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ہے۔ چوالیس برس بعد پہلی مرتبہ اس کی ویمن چیمپیئن شپ ایک مقامی خاتون کھلاڑی ایشلی بارٹی نے اپنے نام کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/46GDc
Australien Ashleigh Barty
تصویر: Aaron Francis/Getty Images/AFP

ایشلی بارٹی وی آسٹریلوی خاتون کھلاری ہیں جنہوں نے ہفتہ انتیس جنوری کو اپنے ملک کے شہر میلبورن میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔ اس خاتون کھلاڑی نے چوالیس برسوں بعد اس ٹورنامنٹ کا فائنل جیت کر اپنی عوام کو مسرت کی لہر میں لپیٹ دیا ہے۔ سن 1978 میں کسی آسٹریلین مرد یا خاتون کھلاڑی نے آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلین اوپن سن 2022 کا فائنل

مقبول کھیل ٹینس کے چار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں سے سے پہلا آسٹریلین اوپن ہے جو ہر سال جنوری میں آسٹریلوی شہر میلبورن میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کے بعد فرنچ اوپن، پھر ویمبلڈن اور آخر میں یُو ایس اوپن کا انعقاد ہوتا ہے۔

Australien Ashleigh Barty und Danielle Collins
آسٹریلین اوپن کے فائنل میچ کے بعد ایشلی بارٹی اور ڈینیئلا کولنز ہاتھ ملاتے ہوئےتصویر: Aaron Francis/Getty Images/AFP

پچیس سالہ ایشلی بارٹی نے اپنے کیریر میں تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس سے پہلے وہ سن 2019 میں فرنچ اوپن اور سن 2021 میں لندن شہر میں ویمبلڈن جیت چکی ہیں۔ انتیس دسمبر کو انہوں نے فائنل میچ میں امریکی کھلاڑی ڈانیئلا کولنز کو دو سیٹ میں ہرایا۔

بارٹی نے پہلا سیٹ بہت آسانی سے جیتا لیکن دوسرے سیٹ میں امریکی خاتون کھلاڑی نے انہیں ضرور پریشان کیا لیکن انجام کار وہ زوردار مقابلے کے بعد دوسرا سیٹ بھی جیت گئیں۔ اس سیٹ کو جیت کر وہ چیمپیئن شپ جیتنے میں بھی کامیاب رہیں۔

عالمی نمبر ایک جوکووچ کا ویزا پھر منسوخ

ایشلی بارٹی چیمپیئن

آسٹریلین اوپن سن 2022 کا فائنل جیتنے کے بعد مقامی کھلاڑی ایشلی بارٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خواب تھا جو پورا ہو گیا اور مجھے اس کو جیتنے پر بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔

Australien Ashleigh Barty
ایشلی بارٹی فائنل میچ جیتنے کے بعدتصویر: Martin Keep/Getty Images/AFP

انہوں نے ٹرافی وصول کرنے کے بعد مزید کہا کہ ایک آسٹریلوی ہونے کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کو جیتنا ایک بہت بڑی بات تھی۔ انہوں نے تماشائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی داد اور حوصلہ افزائی کی وجہ سے وہ چیمپیئن شپ جیت پائی ہیں۔

بارٹی نے یہ بھی کہا کہ راڈ لیور ایرینا کے کورٹ میں موجود شائقین نے انہیں حوصلہ دیا کہ وہ شاندار امریکی ٹینس کھلاڑی ڈانیئلا کا مقابلہ کر سکی اور انہیں ہرانے میں بھی کامیاب رہیں۔

 چینی ٹینس کھلاڑی کی خود پر جنسی حملے کی تردید

چوالیس برس بعد آسٹریلوی چیمپیئن

سن 1978 میں آسٹریلیا کے کرسٹن او نیل نے آسٹریلین اوپن کی مردوں کی چیمپیئن شپ جیتی تھی۔ وہ بھی اس فائنل میچ کو دیکھنے کورٹ میں موجود تھے۔ انہوں نے اپنے ملک کی خاتون کھلاڑی کی کامیابی کو شاندار قرار دیا۔ او نیل نے کہا کہ وہ بارٹی کے کھیلنے کے انداز کو بہت وقعت دیتے ہیں اور ان کے بہت بڑے مداح ہیں۔ سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ ایشلی بارٹی حقیقت میں اس ٹرافی کو جیتنے کی حقدار تھیں کیونکہ انہوں نے بہت جاندار کھیل پیش کیا۔

Australien Ashleigh Barty und Casey Dellacqua
فائنل میچ جیتنے پر ایشلی بارٹی کو سابق آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی کیسی ڈیلاکوا مبارک دیتے ہوئےتصویر: Aaron Francis/Getty Images/AFP

مردوں کا فائنل میچ

آسٹریلین اوپن میں مردوں کا فائنل میچ تیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں اسپین کے رافائل ندال کو روسی کھلاڑی دانیل میدویدیف کے چیلنج کا سامنا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں میدویدیف کی دوسری اور ندال کو چھٹی پوزیشن حاصل ہے۔

ع ح/ ع ت (اے ایف پی روئٹرز)