1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمبرازیل

چار خواتین کا ریپ: برازیلین کوچ کو ایک سو نو سال قید کی سزا

5 اکتوبر 2022

فیرنانڈو لوپیز جنسی زیادتیوں کے الزامات کے بعد دو ہزار سولہ کے ریو اولمپکس سے قبل برازیلین جمناسٹک ٹیم کے عملے سے نکال ہٹا دیے گئے تھے۔ وہ اب بھی خود کو بے قصور قرار دیتے ہیں اور عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4HmNC
Brasilien Ex-Turntrainer Fernando de Carvalho Lopes
تصویر: Eraldo Peres/AP/picture alliance

برازیل کی قومی جمناسٹک ٹیم کے ایک سابق کوچ کو ایک کم سن کھلاڑی سمیت چار خواتین ایتھلیٹس کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے جرم میں ایک صدی سے بھی زائد عرصے کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساؤ پاؤلو شہر کے قریبی شہر ساؤ بیرنارڈو ڈو کیمپو میں ایک عدالت نے فیرنانڈو ڈے کاروالہو لوپیز کو 109 سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ گلوبو اسپورٹ کے مطابق لوپیز کو چار ایتھلیٹس پر جنسی حملے کرنے کا مجرم پایا گیا، جن میں اس وقت صرف 13 برس کی عمر کی ایک نابالغ ایتھلیٹ بھی شامل تھیں۔ لوپیز کے جرائم کا شکار بننے والی  دیگر جمناسٹ خواتین کھلاڑیوں کی عمروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

Brasilien Rio de Janeiro Guanabara Bucht
ریو 2016 ء اولمپکس سے ایک ماہ قبل ہی برازیل کی جمناسٹک ٹیم کے کوچ کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھاتصویر: Matthew Stockman/Getty Images

لوپیز اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ وہ بے قصور ہیں۔  اگر انہوں نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف کوئی اپیل دائر کی، تو اس اپیل پر حتمی فیصلے تک انہیں جیل کاٹنا ہی ہو گی۔ اس سابق جمناسٹک کوچ نے 20 سال تک نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ اور دیکھ بھال کی تھی۔ لوپیز کو ایک نوجوان ایتھلیٹ کے والدین کی طرف سے شکایت کے بعد 2016 ء میں ریو اولمپکس سے ایک ماہ قبل  قومی جمناسٹک ٹیم کے کوچنگ سٹاف سے نکال دیا گیا تھا۔

اپریل 2019ء میں ان پر جمناسٹک سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصے لینے پر تاحیات پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی۔   لوپیز کو کئی دیگر الزامات کا سامنا بھی ہے۔ چار سال قبل تقریباﹰ 40 کھلاڑیوں نے گلوبو ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھی اس سابق کوچ کے ہاتھوں نفسیاتی، جسمانی یا جنسی استحصال کا شکار ہوئے تھے۔ ان میں سے کچھ نے 1999ء اور 2016 ء کے درمیانی عرصے میں پیش آنے والے ایسے جرائم کے گواہان کے طور پر قانونی کارروائی میں حصہ بھی لیا تھا۔

USA Lawrence (Larry) Nassar im Gerichtsaal
امریکی سابق اسپورٹس ڈاکٹر لیری نصر درجنوں کم سن کھلاڑیوں سمیت دیگر کو جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں جیل میں طویل سزا بھگت رہے ہیںتصویر: Jeff Kowalsky/AFP

جنسی زیادتی کا شکار کم عمر امریکی خواتین ایتھلیٹس مالی تصفیے پر متفق

اس کیس میں ایک امریکی سابق اسپورٹس ڈاکٹر لیری نصر کے معاملے کی بازگشت بھی سنائی دیی۔ نصر کو  2018 ءکے اوائل میں کم از کم 265 متاثرین پر جسمانی یا جنسی حملوں اور بدسلوکی کے الزامات  میں طویل مدت کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ نصر کے جرائم کا شکار بننے والوں میں سے زیادہ تر نابالغ کھلاڑی تھیں۔ برطانیہ، یونان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی ایتھلیٹس اپنےکوچوں کی جانب سے بدسلوکی کی شکایات کر چکے ہیں۔

ش ر ⁄ م م (اے ایف پی)