1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلفرانس

پیرس اولمپکس: شہر میں سکیورٹی سخت، کھلاڑیوں کی آمد شروع

18 جولائی 2024

پیرس میں اولمپک مقابلوں کا آغاز 26 جولائی اور اختتام 11 اگست کو ہوگا۔ سکیورٹی فورسز نے اس شہر کے مرکزی حصے میں واقع کئی علاقوں میں رکاوٹیں لگا کر وہاں آمد و رفت کو محدود کر دیا، جس پر کچھ شہری برہم بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4iTCo
پیرس میں اولمپک مقابلوں کا آغاز 26 جولائی اور اختتام 11 اگست کو ہوگا
پیرس میں اولمپک مقابلوں کا آغاز 26 جولائی اور اختتام 11 اگست کو ہوگاتصویر: Aurelien Morissard/AP/dpa/picture alliance

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپک مقابلوں کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے تحت جمعرات کو سکیورٹی فورسز نے اس شہر کے مرکزی حصے میں واقع کئی علاقوں میں رکاوٹیں لگا کر وہاں آمد و رفت کو محدود کر دیا۔

پیرس میں اولمپک مقابلوں کا آغاز 26 جولائی اور اختتام 11 اگست کو ہوگا، جن میں تقریباً 10 ملین تماشائیوں کی شرکت متوقع ہے۔

آئندہ ہفتے دریائے سین کے کنارے ان مقابلوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہو گی، جس میں اس دریا کے کنارے چھ کلومیٹر تک پریڈ کی جائے گی۔ اس وجہ سے وہاں واقع متعدد علاقوں میں آج مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے سے اکثر گاڑیوں کی آمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دریائے سین کے دونوں اطراف سکیورٹی بھی سخت  کر دی گئی ہے
دریائے سین کے دونوں اطراف سکیورٹی بھی سخت  کر دی گئی ہےتصویر: Aurelien Morissard/AP/dpa/picture alliance

پیرس کے باشندے اولمپکس کے بعد دریائے سین میں تیراکی کر سکیں گے

علاوہ ازیں، دریائے سین کے دونوں اطراف سکیورٹی بھی سخت  کر دی گئی ہے۔ اس "گرے زون" میں داخلے کے لیے مقامی رہائشیوں اور  ہوٹلوں میں مقیم سیاحوں کو کیو آر کوڈ کی شکل میں ایک سکیورٹی پاس چاہیے ہوگا۔

اولمپکس کے حوالے سے پیرس میں ایفل ٹاور سمیت متعدد مقامات پر عارضی اسپورٹس اسٹیڈیم بھی قائم کر دیے گئے ہیں اور سڑکوں پر مخصوص گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے 'اولمپک وی آئی پی لینز' بھی بنادی گئی ہیں۔

آج سے شہر میں متعدد میٹرو اسٹیشن بھی بند کر دیے گئے ہیں اور یہ اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے اگلے روز تک بند رہیں گی۔ 

چھبیس جولائی کو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ہونے والی پریڈ کی سکیورٹی کے لیے تقریباً 45,000 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ ان کے علاوہ ہزاروں سپاہی اور نجی سکیورٹی اہلکاروں کو بھی یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔

اس پریڈ کے طے کردہ راستے میں دھاتی رکاوٹیں بھی نصب کر دی گئی ہیں، جس پر کچھ شہری برہم ہیں۔ انہیں میں سے ایک آئیسا یاگو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کے دوران کہا، "ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم 'پلینٹ آف دی ایپس' (بندروں کا سیارہ) کا حصہ ہیں۔ اب ان کا ہماری طرف صرف مونگ پھلیاں پھینکنا ہی رہ گیا ہے۔"

اولمپکس کے حوالے سے پیرس میں ایفل ٹاور سمیت متعدد مقامات پر عارضی اسپورٹس اسٹیڈیم بھی قائم کر دیے گئے ہیں
​​​​اولمپکس کے حوالے سے پیرس میں ایفل ٹاور سمیت متعدد مقامات پر عارضی اسپورٹس اسٹیڈیم بھی قائم کر دیے گئے ہیںتصویر: David Goldman/AP/dpa/picture alliance

اولمپک ولیج

پیرس کے گرد و نواح میں کھلاڑیوں کے قیام کے لیے ایک اولمپک ولیج بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں آج سے کھلاڑیوں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔

اس رہائشی سہولت  کو اس طرح قائم کیا گیا ہے کہ وہاں ایئر کنڈیشننگ کی ضرورت نہ پڑے لیکن گرمی کی شدت میں اضافے کے اندیشے کے پیش نظر مختلف وفود نے اپنے طور پر کھلاڑیوں کے لیے کولنگ یونٹس آرڈر کیے ہیں۔

اس ولیج میں ایک وقت میں 14,500 افراد قیام کر سکتے ہیں۔

پیرس اولمپکس میں جیت کے لیے پرعزم پاکستانی خاتون شوٹر

م ا / ش ر (اے ایف پی)