پرتگال کو ایک اور امدادی پیکیج کی ضرورت پڑ سکتی ہے، ریٹنگ ایجنسی
6 جولائی 2011موڈیز کے مطابق پرتگال کے حکومتی بونڈ نیچے آتے ہوئے Ba2 کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جس سے پرتگال محفوظ سرمایہ کاری کے لیے قابل قبول معیار سے نیچے آ گیا ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پرتگال حکومت کو اخراجات میں کٹوتیوں، ٹیکسوں میں اضافے اور معاشی بحالی کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔
موڈیز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لزبن خسارہ میں کمی اور قرضوں کے استحکام کے حوالے سے یورپی یونین اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ٹارگٹس پورا کرنے میں ناکام ہو رہا ہے۔ موڈیز کے مطابق اس کی وجہ پرتگال کے لیے وہ چیلنجز ہیں جو وہ اخراجات میں کمی، ٹیکسوں میں اضافے، معاشی ترقی اور بینکنگ نظام کو سہارا دینے کے حوالے سے سامنا کر رہا ہے۔
موڈیز نے پرتگال کے حوالے سے اس خطرے کا بھی اظہار کیا کہ سن دو ہزار تیرہ تک لزبن جی ڈی پی میں کٹوتی کر کے تین فیصد کی یورپی یونین کی جانب سے مقرر کردہ سطح کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو سکتا ہے۔ ایجنسی کے مطابق پرتگال کے لیے صحت، سرکاری کاروبار اور علاقائی حکومتوں کے اخراجات کم کرنا مشکل کام ہوگا، اس کے علاوہ لزبن کے لیے ٹیکس ریونیو میں اضافہ بھی ایک مشکل کام ہوگا۔
موڈیز نے پرتگال کے حوالے سے ایک مثبت حوالہ اس کی سیاسی صورت حال میں بہتری کو قرار دیا۔ پانچ جون کے انتخابات کے نتیجے میں پرتگال میں سوشلسٹس کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا ہے اور اب قدامت پسند وزیر اعظم پیدرو کویلہو اقتدار میں آ گئے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل