1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی

عابد حسین22 جولائی 2015

سری لنکا کے دورے پر گئی ہوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو چوتھے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس طرح ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان نے میزبان ٹیم کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی ہرا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1G3MS
تصویر: MUNIR UZ ZAMAN/AFP/Getty Images

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے چوتھے ایک روزہ میچ میں 257 رنزکا ٹارگٹ اکتالیسویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اُس کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد نے پچانوے اور محمد حفیظ نے ستر رنز کی اننگز کھیلیں۔ کپتان اظہر علی تینتیس رنز بنا سکے۔ سری لنکن ٹیم کی فیلڈنگ بھی غیر معیاری رہی اور کئی کیچ بھی گرا دیے گئے۔ پاکستانی بیٹسمینوں شعیب ملک اور سرفراز احمد نے میچ کے ٹارگٹ کو حاصل کیا۔ شعیب ملک نے دھواں دار انتیس رنز بنائے۔ اُن کی ناٹ آؤٹ اننگز میں چار چھکے بھی شامل تھے۔

سری لنکا کی ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کی دوسری گیند پر ہی پہلی وکٹ گر گئی۔ بعد میں دلشان اور تھریمانے نے ایک سو نو رنز کی شراکت سے اپنی ٹیم کو سنبھالا ضرور دیا لیکن مقررہ اوورز میں بقیہ کھلاڑی بڑا ٹارگٹ قائم نہ کر سکے۔ پچاس اوورز میں میزبان ٹیم صرف 256 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے تیز بالر محمد عرفان نے تین اور راحت علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

محمد حفیظ نے ستر رنز کی اننگز کھیلی
محمد حفیظ نے ستر رنز کی اننگز کھیلیتصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

پاکستانی ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سے تین میچ جیت کر یہ سیریز جیتی ہے۔ کرکٹ کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچوں میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو خاصا مشکل وقت دیا لیکن ایک روزہ میچوں میں وہ شاندار کارکردگی دکھانے سے قاصر رہی۔ یقینی طور پر کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کی کمی شدید طور پر محسوس کی گئی۔ ابھی ایک روزہ سیریز کا ایک میچ باقی ہے۔ اِس کامیابی کے بعد سن 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں اب پاکستان کی شمولیت کا امکان خاصا زیادہ ہو گیا ہے۔