1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں 7.8 شدت کا زلزلہ، متعدد ہلاک

ارسلان خالد24 ستمبر 2013

پاکستان کے جنوبی صوبوں سندھ اور بلوچستان سمیت کئی علاقوں میں منگل کی سہ پہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت پاکستان کے جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.7 تھی۔

https://p.dw.com/p/19nte

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ اپنے گھروں سے نکل آئے اور کلمات کا ورد شروع کر دیا۔ پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے چیف محمد ریاض نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر تیس منٹ پر آیا اور اس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.7 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے سے متعلق پاکستانی ادارے کے سربراہ زاہد رفیع کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے دور دراز اور کم آبادی والے علاقوں میں سب سے پہلے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس زلزلے کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی محسوس کیے گئے جہاں لوگ شہر کی بلند و بالا عمارات سے باہر نکل آئے۔ پاکستانی ٹیلی وژن چینلز نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے مناظر دکھائے ہیں جہاں لوگ پریشانی میں اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل رہے ہیں۔

یہ زلزلہ ایران سے ملحقہ پاکستانی علاقوں خاران اور آواران میں آیا ہے، آواران انتظامیہ کے مطابق سینکڑوں مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے حوالے سے کوئٹہ سے ڈوئچے ویلے کے نمائندے عبدالغنی کاکڑ نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

2005 میں پاکستان کے علاقے کشمیر میں 7.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 73000 افراد ہلاک جبکہ کئی ملین بے گھر ہو گئے تھے۔