1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں خود کُش حملہ، عالمی برادری کی مذمت

26 دسمبر 2010

امریکی صدر باراک اوباما نے ہفتہ 25 دسمبر کو شمال مغربی پاکستان میں رونما ہونے والے اُس ’شرمناک دہشت پسندانہ حملے‘ کی مذمت کی ہے، جس میں ایک خود کُش حملہ آور نے خوراک کے انتظار میں کھڑے درجنوں افراد کو ہلاک کر دیا۔

https://p.dw.com/p/zpkO
امریکی صدر اوباما: فائل فوٹوتصویر: AP

اوباما نے امریکی ریاست ہوائی سے، جہاں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کرسمس گزار رہے ہیں، ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ خار پاکستان میں کی جانے والی اِس ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ورلڈ فوڈ پروگرام کے خوراک تقسیم کرنے کے ایک مرکز کے باہر جمع بے گناہ شہریوں کو ہلاک کرنا پاکستان کے عوام اور پوری انسانیت کی برملا توہین کے مترداف ہے‘۔

یہ دھماکہ افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقے باجوڑ میں خار کے مقام پر ہوا، جہاں ایک برقعہ پوش نے، جسے کچھ حکام ایک خاتون کہہ رہے ہیں، کم از کم 43 افراد کو ہلاک اور 100 سے زیادہ کو زخمی کر دیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق مقامی سالارزئی قبیلے سے بتایا جاتا ہے، اِس مرکز پر راشن لینے کے لئے ایک قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔ اِس قبیلے نے عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کی تھی اور اُنہیں باجوڑ سے نکالنے کے لئے ایک ملیشیا بھی تشکیل دی تھی۔

Selbstmordanschlag in Pakistan ARCHIV WFP
پاکستانی شورش زدہ قبائلی پٹی میں خوراک تقسیم کرنے کا عملتصویر: AP

اوباما نے اپنے مختصر بیان میں کہا ہے کہ ’امریکہ اِس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور پاکستان کی جانب سے اپنے عوام کے لئے زیادہ امن، سلامتی اور انصاف کے لئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے‘۔

واضح رہے کہ واشنگٹن حکومت اِن قبائلی علاقوں کو دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر قرار دیتی ہے اور یہاں عسکریت پسندی کے خاتمے کو ہمسایہ افغانستان میں طالبان کے خلاف جاری نو سالہ جنگ میں کامیابی کے لئے فیصلہ کن خیال کرتی ہے۔

اُدھر برطانیہ نے بھی اِس خود کُش حملے کی مذمت کی ہے۔ جونیئر وزیر خارجہ السٹیئر برٹ نے وزارتِ خارجہ سے جاری کئے گئے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ’معصوم پناہ گزینوں کے خلاف یہ ہولناک حملہ بڑی بے رحمی سے یہ بات یاد دلاتا ہے کہ دہشت گرد کتنی اندھا دھند کارروائیاں کرتے ہیں اور یہ حملہ اِس بات کی بھی ایک مثال ہے کہ کیوں پوری دُنیا کو ہر طرح کی سرحدوں سے بالاتر اِس خطرے کا مل کر سامنا کرنا چاہئے‘۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں