1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: حیدر آباد میں دھماکہ، 18 ہلاک

28 جون 2010

جنوبی پاکستان کے شہر حیدرآباد میں ہالا ناکے پر واقع ایک ٹرک اڈے پر ہونے والے دھماکے میں 18 افراد ہلاک اور کم از کم 30 زخمی ہو گئے۔ حکام فی الحال اِسے دہشت گردی قرار نہیں دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/O4mb
پاکستان میں بم دھماکہ، فائل فوٹوتصویر: AP

حیدرآباد پولیس کے سربراہ فیاض لغاری نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ زور دار دھماکہ ایک ٹرک کے اندر ہوا اور اِس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ اُنہوں نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ابھی وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ آیا یہ دھماکہ کسی بم کے پھٹنے سے ہوا یا اِس کی کوئی اور وجہ تھی۔

حیدرآباد ہی سے البتہ ایک پولیس اہلکار کلیم مغل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دھماکہ غالباً ایک گیس سلنڈر کے پھٹنے سے ہوا ہے۔ زیادہ تر رپورٹوں میں یہی کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ دہشت گردی کی کوئی کارروائی نہیں بلکہ غالباً ایک حادثہ تھا۔

اِس سے پہلے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ نواز عباسی نے کہا کہ ہسپتال میں 14 لاشیں لائی گئی ہیں اور زخمیوں کی تعداد کم از کم 30 ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازُک بتائی جا رہی ہے، جس سے خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ میں مرنے والوں کی تعداد 18 جبکہ زخمیوں کی 40 بتائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اِس دھماکے سے کئی دوکانیں تباہ ہو گئیں اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی ٹیلی وژن چینلز میں دکھایا جا رہا ہے کہ کیسے سینکڑوں لوگ جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے میں سے مرنے اور زخمی ہونے والوں کو نکالنے میں مدد دے رہے ہیں۔ حیدر آباد کراچی سے 160 کلومیٹر شمال کی جانب واقع ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: کشور مصطفےٰ